’سمبا‘ 100 کروڑ کلب میں شامل
بولی وڈ ایکشن ہیرو رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کی ایکشن رومانٹک فلم ’سمبا‘ ابتدائی 5 دن میں 100 کروڑ میں کامیاب ہوگئی۔
رنویر اور سارہ علی خان کی فلم نے جہاں ابتدائی 5 دن میں دنیا بھر سے 100 کروڑ روپے بٹورے، وہیں اس فلم نے کمائی میں شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف فلم ’زیرو‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
یہی نہیں بلکہ ’سمبا‘ کے 100 کروڑ کمانے سے جہاں رنویر سنگھ کی 100 کلب کلب کی فلم میں اضافہ ہوا، وہیں یہ فلم سارہ علی خان کی تیزی سے ریکارڈ پیسے کمانے والی بھی پہلی فلم بنی۔
’سمبا’ سارہ علی خان کی دوسری فلم ہے، جس میں وہ رنویر سنگھ سے رومانس کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر اور سارہ علی خان کی فلم ’سمبا‘ کا ریکارڈ
اس فلم سے قبل گزشتہ ماہ 7 دسمبر کو سارہ علی خان کی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ ریلیز کی گئی تھی، تاہم وہ اتنی تیزی سے ریکارڈ کمائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
’سمبا‘ تیزی سے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی سارہ علی خان کی پہلی فلم بن گئی، جب کہ ان کی ڈیبیو فلم ’کیدر ناتھ‘ بھی 100 کروڑ کلب میں شامل ہو چکی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’سمبا‘ نے ریلیز کے 5 ویں دن بھارت سمیت دنیا بھر سے 100 کروڑ روپے بٹورے۔
مزید پڑھیں: سارہ علی خان کیدر ناتھ کے لیے برقع پہننے پر مجبور
فلم نے سب سے زیادہ کمائی بھارت میں کی، جہاں سے فلم نے 96 کروڑ روپے بٹورے، جب کہ فلم نے دیگر ممالک سے بھی 4 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔
ایک ہی ماہ میں ریلیز ہونے والی سارہ علی خان کی دونوں فلمیں یعنی ’کیدر ناتھ اور سمبا‘ 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئیں۔ تاہم کیدر ناتھ نے 25 دن جب کہ سمبا نے محض 5 دن میں 100 کروڑ روپے بٹورے۔
سمبا کی ہدایات روہت شیٹھی جب کہ کیدر ناتھ کی ہدایات ابھیشک کپور نے دی تھیں۔