• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پنجاب: شدید دھند کے باعث شاہراہوں پر حادثات میں غیر معمولی اضافہ

شائع December 31, 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

لاہور: جنوبی پنجاب میں شدید دھند متعدد حادثات کا سبب بن گئی میں جس میں موٹروے پولیس افسر سمیت کئی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔

اس سلسلے میں موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ خانیوال سے لودھراں ہائی وے پر جہانیا ں، دنیا پور سے لے کر چوک میٹلا تک 6 کلومیٹر کے حصے میں ہر 2 سے 3 سو میٹر کے فاصلے پر حادثے رونما ہوئے۔

دوسری جانب موٹروے پولیس کے گشت کرنے والے افسر محمد سعید شدید دھند کے باعث بستی ملوک کے قریب بس اور ٹرک میں تصادم کے سبب پیش آنے والے حادثے کا جائزہ لے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں شدید دھند کا راج

چناچہ جب وہ ٹرک سے گری ہوئی گندم کی بوریوں کی نشاندہی کے لیے منعکسی تکونیں اور ایمر لائٹس لگا رہے تھے تو اسی اثنا میں سامنے سے آنے والی بس ان پر چڑھ دوڑی جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہوئے۔

جس کے بعد محمد سعید کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، متوفی بھکر کے علاقت چاہ شہیداں والا کے رہائشی تھے جنہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سالہ بیٹی کو سوگوار چھوڑا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق جنوبی پنجاب میں قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی سے میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور ترندہ محمد پناہ پر شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی انتہائی متاثر رہی۔

یہ بھی دیکھیں: پنجاب میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ

اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں اتوار سے پیر تک دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

ادھر ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی رات کے اوقات میں شدید سرد اور صبح ہلکی برف باری کا امکان ہے۔


یہ خبر 31 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024