• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

متھن چکرورتی کے مداحوں کے لیے بری خبر

شائع December 28, 2018
متھن چکرورتی نے 1976 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
متھن چکرورتی نے 1976 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

ماضی کے مقبول اداکار اور ڈانس آئیکون سمجھے جانے والے بولی وڈ اداکار متھن چکرورتی کے مداحوں کے لیے بری خبر ہے کہ وہ بیمار پڑ گئے۔

66 سالہ اداکار نے ماضی میں متعدد فلموں میں معروف ڈانسر کے کردار ادا کیے اور اب تک وہ ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ڈانس ریئلٹی شوز میں بطور جج خدمات دیتے آ رہے ہیں۔

متھن چکرورتی کو نہ صرف ڈانس آئیکون بلکہ ایکشن ہیرو بھی سمجھا جاتا ہے، تاہم وہ گزشتہ ایک دہائی سے ایکشن اور ڈانس فلموں کے بجائے کامیڈی ہارر فلموں میں دکھائی دیے۔

اگرچہ متھن چکرورتی پہلے بھی بیماری کے غرض سے ہسپتال داخل ہوچکے ہیں، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ ان کے پیٹھ اور کمر کا درد بڑھ چکا ہے، جس وجہ سے علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ متھن چکرورتی کو گزشتہ 9 سال سے کمر اور پیٹھ کے درد کی شکایت تھی اور وہ اس کے علاج کے لیے 2016 میں ہسپتال میں داخل بھی ہوچکے تھے۔

اداکار نے متعدد ایکشن فلموں میں کام کیا—فوٹو: آئی ایم بی ڈی
اداکار نے متعدد ایکشن فلموں میں کام کیا—فوٹو: آئی ایم بی ڈی

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند دن سے اداکار کی تکلیف بڑھ گئی، جس وجہ سے ان کے بیٹے اور بہو نے انہیں علاج کے لیے امریکا منتقل کردیا، جہاں لاس اینجلس میں ان کا علاج ہوگا۔

اگرچہ متھن چکرورتی کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم انہیں شدید درد کی شکایت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ متھن چکرورتی کو 2009 میں فلم ’لکی‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک سین کرتے وقت کمر اور پیٹھ میں اچانک درد ہوا، جس وجہ سے انہیں اس وقت بھی علاج کروانا پڑا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فلم کے سین کی شوٹنگ کے دوران گڑ بڑ ہونے سے متھن چکرورتی کی صحت خراب ہوگئی جو تاحال ٹھیک نہیں ہوئے۔

نیشنل اور فلم فیئر سمیت متعدد فلمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والے 66 سالہ اداکار نے 1976 میں کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ 500 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

متھن چکرورتی چند سال سے کمر اور پیٹھ درد کے مرض میں مبتلا ہیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
متھن چکرورتی چند سال سے کمر اور پیٹھ درد کے مرض میں مبتلا ہیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

متھن چکرورتی کی 400 سے زائد فلمیں ریلیز ہوئیں، تاہم ان کی درجنوں فلمیں مختلف وجوہات کی بناء پر آج تک ریلیز نہیں ہوسکیں، ان کی ریلیز نہ ہونے والی فلموں میں 4 دہائیاں قبل بنائی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔

متھن چکرورتی نے ٹی وی پر بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ تاحال ٹی وی پر ڈانس ریئلٹی شوز میں بطور جج خدمات سر انجام دیتے آ رہے ہیں۔

متھن چکرورتی ریاست مغربی بنگال سے راجیا سبھا کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں اور وہ سماجی کاموں میں بھی سرگرم رہتے ہیں۔

متھن چکرورتی نے 1979 کے بعد شای کی اور ان کے 4 بچے ہیں، جن میں سے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

متھن چکرورتی کو ڈانس آئیکون بھی سمجھا جاتا تھا—اسکرین شاٹ
متھن چکرورتی کو ڈانس آئیکون بھی سمجھا جاتا تھا—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024