‘میثاق جمہوریت بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کا تاریخی سنگ میل‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت ان کی سیاسی جدوجہد کا تاریخی سنگ میل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیربھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا آصف علی زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں جلسے کے بعد واپسی پر سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو خودکش حملے کے دوران جاں بحق ہوگئیں تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میثاق جمہوریت پاکستانی سیاست کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوا تاہم بے نظیر بھٹو کے جانے سے ملکی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا پُر نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو دیئے گئے حقوق ختم کرنا چاہتے ہیں اور ملک کو ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ‘عمران خان صوبوں کے وسائل پر وفاق کا قبضہ،ملک کو ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں‘
گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ملک کی باگ ڈور ناتجربہ کاروں کے ہاتھ میں دے دی گئی ہے، جبکہ ملک کے نام نہاد ٹھیکے دار طاقت کے نشے میں مست ہیں اور یہ دیکھنے سے قاصر ہیں کہ ملک ہاتھ سے نکلا جارہا ہے۔
اسی تقریب سے پی پی پی کے نائب چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا تھا ہم اس حکومت سے مقابلہ کریں گے اور دوبارہ حکومت لیں گےان کا کہنا تھا کہ ہم سب بھٹو ہیں، ہم سب لڑنے کو تیار ہیں، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے، میں یہ سب انہیں بتاتا ہوں کہ لیکن وہ نہ دیکھ سکتے ہیں نہ سن سکتے ہیں نہ وہ بول سکتے ہیں، ان کے پاس کوئی سوچ اور سمجھ نہیں، ان سب کا مقابلہ کریں گے، جہاں یہ آئیں گے وہاں ہم مقابلہ کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں شامل آصف علی زرداری سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔
مزیدپڑھیں: سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 11ویں برسی
خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت متعدد اہم نام شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت بلاشبہ پاکستان کی سیاست کا بہت بڑا نقصان تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری کی پیپلز پارٹی کا بینظیر بھٹو یا ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، کیونکہ ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کے لیے سیاست کی تھی۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری جیل جائیں گے تو فواد چوہدری نے جواب دیا "انشاء اللہ"۔