• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی جاں بحق

شائع December 25, 2018 اپ ڈیٹ December 26, 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی: ڈیفنس میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی جاں بحق ہو گئے۔

ڈی آئی جی ساوتھ جاوید عالم نے سابق رکن قومی اسمبلی کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ، 2 کارکن جاں بحق، 2 زخمی

ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے قریب گاڑی میں موجود سید علی رضا عابدی پر حملہ کیا۔

ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ علی نے بتایا کہ رضا عابدی کو زخمی حالت میں پی این ایس شفا منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔

پولیس جائے وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے
پولیس جائے وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے راجا عمر خطاب نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر دو مسلح حملہ آور آئے اور 10 سیکنڈ میں کارروائی کرکے فرار ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ’حملہ آور تربیت یافتہ تھے اور دونوں نے کیپ پہنی ہوئی تھی، جبکہ حملہ آور علی رضا عابدی کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے پہنچے تھے‘۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو 2 گولیاں سینے، ایک کندھے اور ایک گردن میں لگی اور دہشت گردوں نے گولیاں انتہائی قریب سے ماری۔

رپورٹ کے مطابق سابق ایم این اے علی رضا عابدی کو جسم کے اوپری حصے میں تمام 4 گولیاں لگیں۔

علی رضا عابدی نے 5 بج کر 57 منٹ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پریس کانفرنس سے متعلق ٹوئٹ کیا تھا کہ ’تحریک انصاف کی جانب سے ردعمل پر مبنی پریس کانفرنس میں تمام باتیں محض دوہرائی گئیں جو وہ گزشتہ 5 برس سے کنٹینرز پر کھڑے ہوکر کر رہی ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ (ن) کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں پی ٹی آئی کی جانب سے کچھ ٹھوس چیزیں پیش نہیں کی گئیں سوائے اس کے کہ پی ٹی آئی باقاعدہ نیب عدالت کی جگہ باتیں کر رہی ہے‘۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی قاتلانہ حملے میں ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر سید کلیم امام نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔

خیال رہے سید علی رضا عابدی نے 2 ستمبر کو ذاتی وجوہات کی وجہ سے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں نے 17 اگست کو عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر ٹوئٹ کیا تھا کہ ’پی ٹی آئی کو 176 ووٹ مبارک ہو، 7 ووٹوں پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کریں’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘172 ووٹ درکار تھے اب یہ احسان نہیں بھولنا’۔

یہ بھی پڑھیں: سید علی رضا عابدی ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی

واضح رہے کہ 24 دسمبر کو کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں ’ایک درجن‘ سے زائد نامعلوم افراد نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے دفتر پر فائرنگ کرکے 2 کارکن جاں بحق اور 2 زخمی کردیا تھا۔

رضویہ سوسائٹی کے ایس ایچ او نواز بروہی کا کہنا تھا کہ 6 موٹرسائیکلوں پر سوار ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے پی ایس پی کے دفتر پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

دوسری جانب پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کارکنوں پر قاتلانہ حملے کو ’متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور لندن کا ڈرامہ‘ قرار دیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کا اظہارِ مذمت

وزیراعظم عمران خان نے سید علی رضا عابدی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے (متعلقہ حکام) سے رپورٹ طلب کرلی

کراچی کے سپوتوں کی ہلاکت کا سلسلہ شروع ہوگیا، فاروق ستار

فاروق ستار میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز
فاروق ستار میڈیا سے بات کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق کنوینر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ’کراچی کے سپوتوں کی ہلاکت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے‘۔

علی رضا عابدی کے گھر کے باہر میڈیا نمائندوں سے آبدیدہ آنکھوں اور غمزدہ لہجے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جس بے دردی اور سفاکی کے ساتھ سید علی رضا کو قتل کیا گیا یہ خالصتاً دہشت گردی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ سید علی رضا عابدی میرے بچوں کی طرح تھے، وہ پاکستان کے مستقبل اور بیٹے تھے، ان کی سیکیورٹی کا خیال کیوں نہیں کیا گیا، جبکہ قاتل دندناتے پھر رہے ہیں جس کا وفاقی و صوبائی حکومتوں کو نوٹس لینا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا اظہار تعزیت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سید علی رضا عابدی کے قتل پر تعزیت اور سوگوار خاندان سے ہمددری کا اظہار دیا۔

انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل امن و امان خراب کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں

Talha Dec 25, 2018 10:04pm
Waqt bahot zalim shaie hai......

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024