گوادر میں شپ بریکنگ یارڈ کے قیام کی منظوری
کوئٹہ : وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں شپ بریکنگ یارڈ کے قیام اور اس کے لیے پالیسی بورڈ کی منظوری دے دی۔
شپ بریکنگ یارڈ کی منظوری کا اعلان وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی پالیسی بورڈ کےرکن ہوں گے۔
مزید پڑھیں : بلوچستان نے شدید مالی خسارے پر وفاق سے مدد مانگ لی
گوادر شپ بریکنگ یارڈ کی پی سی ون دستاویز 2007 میں پیش کی گئی تھی لیکن حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔
وزیراعظم نے اب مینوفیکچرنگ، ٹریننگ ورکشاپس اور پارکنگ اسٹیشنز کو ساتھ ملا کر شراکت داری کی بنیاد پر منصوبے کی منظوری دی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ’ صوبے کے عوام کے مفاد کے لیے حکومت تمام منصوبوں کا خیرمقدم کرے گی‘۔
یہ منصوبہ ملک میں شپنگ کی ضروریات کو پورا کرے گا جبکہ اس سے مقامی افراد کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں : ریکوڈک کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
اجلاس میں شپ بریکنگ یارڈ کے منصوبے کی تکمیل اور اس کے لیے مختص کی جانے والے زمین سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ’ بلوچستان اور گوادر سے متعلق تمام فیصلے صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیے جائیں گے‘۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گوادر ماسٹر پلان اور دیگر معاملات میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز مشترکہ طور پر منظور کریں گے۔
یہ خبر 25 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی