• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

2018: فٹبال کے میدان میں کیا کچھ خاص ہوا ۔ ۔ ۔

سب سے مشہور ترین کھیل فٹبال اس سال عالمی سطح پر کئی حوالوں سے خبروں میں سرفہرست رہا۔
شائع December 28, 2018 اپ ڈیٹ December 31, 2018

دنیا بھر میں سب سے مقبول ترین کھیل، فٹبال کے لیے سال 2018 انتہائی اہم گزرا، جس میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے، جن میں چیمپیئنز لیگ کے فائنل سمیت فیفا ورلڈ کپ کے بھی دلچسپ لمحات شامل ہیں۔

یہ اہم واقعات ہم نے سال 2018 کے آخر میں یکجا کرنے کی کوشش کی ہے۔

پینالٹی شوٹ آؤٹ اور انگلینڈ کی فتح

رواں سال روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جانب سے راؤنڈ آف-16 کے آخری میچ میں کولمبیا کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دینے کے بعد کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

یوں تو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں ہار جیت کا فیصلہ ہونا عام بات ہے، تاہم انگلیڈ کے مداحوں کے لیے یہ انتہائی خاص لمحہ تھا کیونکہ انگلینڈ نے 28 سال بعد 90 منٹ سے زائد تک کھیلے جانے والے کسی ورلڈ کپ میچ میں فتح حاصل کی تھی۔

اس کی ایک اور اہم وجہ اس میچ کی اہمیت بھی تھی، ہارنے والی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر جانا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی ٹیم نے 2002 کے بعد پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

1-1 گول سے برابر میچ جب پینالٹی شوٹ آؤٹ میں پہنچا، تو دونوں ہی ٹیموں نے اپنی ابتدائی 2 پینالٹیز پر گول اسکور کیے لیکن تیسری پینالٹی پر دونوں ہی ٹیمیں ناکام رہیں، انگلینڈ کی ٹیم چوتھی پینالٹی پر گول کرنے میں کامیاب رہی۔

کولمبیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو اس وقت دھچکا لگا جب کارلوس باکا کی پینالٹی انگلینڈ کے گول کیپر نے روک لی اور ایرک ڈائر نے اگلی پینالٹی پر گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

انگلینڈ کے کھلاڑی کولمبیا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے کھلاڑی کولمبیا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ایک گول اور مانچسٹر سٹی کیلئے 100 پوائنٹس

مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی گیبریئل جیسس کے ساؤتھ ایمپٹن کے خلاف آخری لمحے میں کیے گئے گول نے ان کی ٹیم کو ریکارڈ 100 پوائنٹس دلوائے تھے۔

ان کے اس گول کے بعد مانچسٹر سٹی، جس نے اس سے قبل بھی پریمیئر لیگ میں جیت، پوائنٹس اور گولز کرنے ریکارڈ توڑ رکھے تھے، نے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔

گیبریئل جیسس کے آخری لمحات میں گول نے مینچسٹر سٹی کو ساؤتھ ایمپٹن پر 0-1 سے برتری دلائی تھی۔

مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی جیسس گیبریئل — فوٹو: اے ایف پی
مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی جیسس گیبریئل — فوٹو: اے ایف پی

جرمنی کے گول کیپر کا فارورڈ کھیلنا

گول کیپرز کا کام گول میں کھڑے ہوکر بال کو گول میں جانے سے روکنا ہوتا ہے، تاہم فیفا ورلڈ کپ میں جرمنی کے گول کیپر کی جانب سے ایک انوکھی حرکت سامنے آئی۔

جنوبی کوریا کے سون ہیونگ من جب جرمنی کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے لیے گول کر رہے تھے تو جرمنی کے گول کیپر مینوئل نوئر گول سے 80 گز دور کھڑے تھے۔

میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے لازمی فتح درکار تھی لیکن میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی گیند کا کنٹرول زیادہ تر جرمنی کے پاس رہا لیکن مجموعی طور پر کوریا کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمنی میچ کے دوران ملنے والے کسی موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔

ابھی جرمنی کی ٹیم اس حملے سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ ایشین ٹیم نے اپنے ہاف میں موجود دفاعی چیمپیئن ٹیم کے گول کیپر نوئر کو چکما دے کر سون ہیونگ من کو گیند پاس کی، جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں 0-2 سے برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

یہ 80سال میں پہلا موقع ہے کہ جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوئی ہے، جہاں اس سے قبل 1938 کے عالمی کپ میں جرمن ٹیم کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہو گیا تھا۔

جنوبی کوریا کے کم یونگ گون اپنی ٹیم کا پہلا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی
جنوبی کوریا کے کم یونگ گون اپنی ٹیم کا پہلا گول اسکور کر رہے ہیں— فوٹو: اے پی

چیمپیئنز لیگ کا فائنل

رواں سال ہی ریال میڈرڈ اور لیورپول کے درمیان چیمپیئنز لیگ کا سب سے سنسنی خیز فائنل میچ کھیلا گیا۔

26 مئی کو کھیلے جانے والے اس میچ کو اہمیت اس لیے بھی حاصل ہوئی کہ لیور پول کے نامور فٹبالر محمد صلاح اور ریال میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو کا آپس میں ٹاکرا ہونا تھا۔

محمد صلاح کا کیریئر اس میچ تک انتہائی عروج پر تھا، تاہم ریال میڈرڈ کے سرجیو راموس کے ارادے کچھ اور تھے، انہوں نے پہلے ہی ہاف میں مصری کھلاڑی کا بازو زخمی کر دیا۔

محمد صلاح کو میدان چھوڑ کر جانا پڑا جبکہ راموس لیورپول اور مصر کا عوامی دشمن بن گیا۔

چیمپیئنز لیگ کے فائنل میچ میں بڑی غلطیوں کے ساتھ ساتھ بہترین کھیل کے بھی لمحات دیکھے گئے۔

لیورپول کے گول کیپر کاریوس کا کیریئر کا خاتمہ اس وقت ہوا، جب انہوں نے کریم بینزیما کی جانب بال پھینکی، جس کی وجہ سے ریال میڈرڈ کو پہلا گول ملا۔

اس کے علاوہ ریال میڈرڈ کے ہی گیرتھ بیل نے مارسیلو کی اسسٹ پر ملنے والی گیند کو بائی سائیکل کک کے ذریعے لیورپول کے گول میں پھینکا تھا جو اس میچ کا ایک اور یادگار لمحہ بنا۔

لیورپول کے گول کیپرز کی غلطی اور ریال میڈرڈ کی جانب سے بہترین کھیل نے ریال میڈرڈ کو مسلسل تیسری بار یوئیفا چیمپیئنز لیگ کا فاتح بنایا۔

اس میچ میں ریال میڈرڈ کو لیورپول سے 1-3 سے فتح حاصل ہوئی تھی۔

چیمپیئنز لیگ فائنل میں لیورپول کے محمد صلاح پہلے ہی ہاف میں زخمی ہوگئے تھے — فوٹو: اے ایف پی
چیمپیئنز لیگ فائنل میں لیورپول کے محمد صلاح پہلے ہی ہاف میں زخمی ہوگئے تھے — فوٹو: اے ایف پی

رونالڈو کی انوکھی بائی سائیکل کک

گیرتھ بیل کی بائی سائیکل کک کتنی بھی اچھی ہو، لیکن اس کک نے انہیں 9 کروڑ 90 لاکھ یورو میں یوونٹس میں جانے کا موقع نہیں فراہم کیا تاہم یہ موقع رونالڈو کو ضرور ملا۔

رونالڈو کا یوونٹس کے خلاف بائی سائیکل کک کو چیمپیئنز لیگ کا سب سے بہترین گول قرار دیا گیا تھا، جس کو اسٹیڈیم میں موجود یوونٹس کے مداحوں نے بھی کھڑے ہوکر سراہا تھا۔

یہ گول یوونٹس کو اتنا پسند آیا کہ 4 ماہ بعد کرسٹیانو رونالڈو کو یوونٹس نے خرید کر اپنی ٹیم کا ہی حصہ بنالیا تھا۔

رونالڈو کی بائی سائیکل کک — فوٹو: اے ایف پی
رونالڈو کی بائی سائیکل کک — فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ میں فرانس کی جیت اور ایمباپے کا ریکارڈ

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اور فرانس کے نوجوان سپراسٹار کائلیان ایمباپے نے 60سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی برابر کیا تھا۔

ورلڈ کپ کے فائنل میں گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی عظیم برازیلین اسٹار پیلے ہیں، جنہوں نے 17سال 249 دن کی عمر میں گول اسکور کیا جبکہ ایمباپے 19سال 207دن کی عمر میں گول کر کے دوسرے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے جس نے عالمی کپ کے فائنل میں گول کیا ہو۔

اس گول کے ساتھ ہی فرانسیسی کھلاڑی 60سال میں پہلے ٹین ایجر ہیں، جنہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں گول کیا ہو جہاں اس سے قبل یہ منفرد اعزاز بھی پیلے کو حاصل تھا جنہوں نے 1958 ورلڈ کپ کے فائنل میں گول کیا تھا۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-4 سے کروشیا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئنن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فرانس کے کائلیان ایمباپے نے میچ کے 65ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے چوتھا گول اسکور کیا تھا۔

فرانس کی ٹیم عالمی چیمپیئن بننے کا جشن منارہی ہے — فوٹو: اے پی
فرانس کی ٹیم عالمی چیمپیئن بننے کا جشن منارہی ہے — فوٹو: اے پی

اس کے علاوہ فٹبال کی دنیا میں اہم تبدیلی رواں سال بیلن ڈی اور کا 10 سال بعد رونالڈو اور میسی کے علاوہ کسی دیگر کھلاڑی کا جیتنا تھا۔

رواں سال بیلن ڈی اور کا ایوارڈ لوکا موڈرچ نے جیتا ہے۔

’’پاکستان کی ٹیم‘‘ کی اچھی کارکردگی

پاکستان کی جانب سے بھی اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ جہاں قومی ٹیم نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

تاہم روس میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کو ازبکستان سے ہونے والے فائنل میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


لکھاری ڈان ڈاٹ کام کے اسٹاف ممبر ہیں، ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ iusmansaif ہے۔


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں