خاتون کو شادی کیلئے بلیک میل کرنے پر کراچی کا شہری لاہور میں گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے شہری کو لاہور میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے اور شادی کے لیے زبردستی کرنے پر گرفتار کرلیا۔
ایف ائی اے کے بیان کے مطابق نارتھ کراچی کا رہائشی ملزم لاہور کی خاتون کو شادی کی پیشکش قبول نہ کرنے پر ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر پوسٹ کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔
ملزم شکایت کنندہ خاتون سے شادی کرنے کے لیے اپنے اہلخانہ اور بارات کے ہمراہ لاہور بھی پہنچ گیا۔
تاہم لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم وِنگ کی ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام کے قانون 2016 کے تحت بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے کے الزامات پر درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کی گرفتاری اس واقعے کے چند روز بعد عمل میں آئی ہے جس میں پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں خاتون نے شادی کی پیشکش قبول نہ کرنے پر مبینہ طور پر بلیک میل کیے جانے پر خودکشی کرلی تھی۔