21 سالہ خاتون امریکا کی 5 ویں امیرترین سیلیبرٹی
کایلی جینر کو ہوسکتا ہے کہ ان کی سوشل میڈیا میں موجودگی یا بہنوں کی وجہ سے جانا جاتا ہو مگر سوشل میڈیا پر متحرک یہ خاتون اس وقت امریکا کی 5 امیر ترین سیلیبرٹی بن چکی ہے اور دنیا کی کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی (پاکستان کے مطابق کھرب پتی) بننے کے قریب ہیں۔
امریکی جریدے فوربس نے امریکا کی امیر ترین سیلیبرٹیز کی فہرست جاری کی ہے جس میں بتایا گیا کہ کایلی جینر اس وقت 90 کروڑ ڈالرز سے زائد (ایک کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کی مالک ہیں اور اس لسٹ میں 5 ویں نمبر پر ہیں۔
مزید پڑھیں : کایلی جینر کے 18 الفاظ سے فیس بک کو 13 کھرب کا فائدہ
اس سے قبل رواں سال یوٹیوب پر سب سے زیادہ وائرل ویڈیو بھی کایلی جینر کی قرار پائی تھی جبکہ انسٹاگرام کی مقبول ترین تصویر کا اعزاز بھی وہ اپنے نام کرچکی ہیں۔
اب ان کے حصے میں امریکا کی 5 ویں امیر ترین شخصیت کا اعزاز آیا ہے اور وہ بھی محض 21 سال کی عمر میں۔
کایلی جینر جو بہت جلد کم عمر ترین ارب پتی بن کر مارک زکربرگ سے یہ ریکارڈ چھیننے والی ہیں، کا فوربس سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا 'سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام نے میری کامیابی میں بڑا کردار کیا'۔
ان کے بقول ' سوشل ایک حیرت انگیز پلیٹ فارم ہے، جس سے مجھے مداحوں اور اپنے صارفین تک آسانی سے رسائی مل جاتی ہے'۔
یہ بھی پڑھیں : پہلی بار ماں بننا دنیا کا بہترین احساس ہے، کایلی جینر
اس فہرست میں لیجنڈ پروڈیوسر جارج لوکاس 5.4 ارب ڈالرز کے ساتھ پہلے، ڈائریکٹر اسٹیون سپیلبرگ 3.7 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے، اوپرا وانفرے 2.8 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے، مائیکل جورڈن 1.7 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے جبکہ ریپر جے زی 90 کروڑ ڈالرز کے ساتھ کایلی جینر کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر ہیں۔
اس سے قبل امریکا کی امیر ترین خواتین کی فہرست رواں سال جون میں فوربس نے جاری کی تھی جس کے مطابق کایلی جینر نہ صرف اپنی بہنوں میں سب سے زیادہ امیر ہیں بلکہ وہ امریکا کی امیر ترین خواتین میں 27 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں : کایلی جینر کے 18 الفاظ سے فیس بک کو 13 کھرب کا فائدہ
کایلی جینر کے مقابلے میں ان کی بڑی بہن اور مقبول رئیلٹی اسٹار کم کاردیشین کے اثاثوں کی مالیت صرف 35 کروڑ ڈالرز کے قریب ہے۔
21 سالہ کایلی جینر کے اثاثوں میں اتنا اضافہ ان کی میک اپ مصنوعات کی مقبولیت کا نتیجہ ہے۔
کایلی کاسمیٹکس کی مالیت اس وقت 80 کروڑ ڈالرز کے قریب ہے اور گزشتہ سال اس کمپنی نے 33 کروڑ ڈالرز کی مصنوعات فروخت کیں۔
کایلی جینر ہی اس کمپنی کی واحد مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پہلی بار ماں بننا دنیا کا بہترین احساس ہے، کایلی جینر
انہوں نے اپنی کمپنی کو درحقیقت سوشل میڈیا کے ذریعے ہی کامیاب بنایا ہے اور کمپنی میں صرف 5 کل وقتی ملازمین ہیں، جس کی وجہ سے انتظامی اخراجات بھی بہت کم ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کے اثر رسوخ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں سال فروری میں اسنیپ چیٹ کے خلاف ان کے 18 لفظی پیغام نے فیس بک کو 13 کھرب روپے کا فائدہ پہنچا دیا تھا۔
جریدے کا کہنا تھا کہ ایک سال کے اندر کایلی جینر سب سے کم عمر ارب پتی شخصیت کے طور پر سامنے آئیں گی، یہ اعزاز اس وقت مارک زکربرگ کے پاس ہے جو 23 سال کی عمر میں ارب پتی بن گئے تھے۔