• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

معروف اداکار علی اعجاز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

شائع December 18, 2018
علی اعجاز نے متعدد معروف ڈراموں میں کردار ادا کیے—فوٹو: فیس بک
علی اعجاز نے متعدد معروف ڈراموں میں کردار ادا کیے—فوٹو: فیس بک

ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلموں کے معروف اداکار علی اعجاز دل کا دورہ پڑنے سے 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

علی اعجاز نے فنی کیریئر کا آغاز 1961 میں کیا، تاہم انہیں شہرت 1967 میں ملی، انہوں نے 28 فلموں اور متعدد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

علی اعجاز نہ صرف فلموں اور ٹی وی بلکہ ریڈیو اور اسٹیج کے بھی بہترین اداکار تھے، انہوں نے کئی مشہور کردار ادا کیے، جن پر انہیں ایوارڈز بھی دیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق علی اعجاز کو دل کا دورہ پڑا اور انہوں نے ہسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہی دم پرواز کیا۔

انہیں شاندار اداکاری پر ایوارڈز بھی دیے گئے—فوٹو: فیس بک
انہیں شاندار اداکاری پر ایوارڈز بھی دیے گئے—فوٹو: فیس بک

علی اعجاز کے اگرچہ متعدد معروف ڈرامے ہیں، تاہم خواجہ اینڈ سنز، شیدا ٹلی اور کھوجی جیسے ڈراموں میں ان کی اداکاری کے چرچے رہے، ان کی پہلی فلم انسانیت تھی۔

علی اعجاز نے اگرچہ اردو فلموں اور ڈراموں میں بھی کردار ادا کیے، تاہم انہیں پنجابی فلموں کا سپر اسٹار تسلیم کیا جاتا تھا، انہوں نے کیریئر کا آغاز بھی پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کیا اور وہیں انہوں نے زندگی گزاری۔

علی اعجاز کو 1980 اور 1990 کے بہترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، گزشتہ چند سال سے ان کی طبعیت ناساز تھی اور ان پر ایک دہائی قبل فالج کا حملہ بھی ہوچکا تھا۔

علی اعجاز کے انتقال پر اداکار برادری نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے چلے جانے سے انڈسٹری ایک مشہور فنکار سے محروم ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024