• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی جاسوس نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے پر رہا کردیا، ترجمان دفتر خارجہ

شائع December 17, 2018
سزا مکمل کرنے والا بھارتی جاسوس نہال انصاری—فائل فوٹو
سزا مکمل کرنے والا بھارتی جاسوس نہال انصاری—فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کردیا گیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والا بھارتی جاسوس ’ریاست مخالف سرگرمیوں اور دستاویزات میں جعل سازی‘ میں ملوث تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کی سزا مکمل ہونے کے بعد اسے رہا کیا گیا اور نہال انصاری کو واپس بھارت بھجوایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی جاسوس قیدی سربجیت سنگھ کے قتل کے ملزمان بری کرنے کا حکم

خیال رہے کہ 13 دسمبر کو پشاور ہائیکورٹ کے بینچ نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ 15 دسمبر کو اپنی 3 سالہ سزا پوری کرنے والے بھارتی شہری کی ملک بدری کے لیے ایک ماہ میں انتظامات کرے۔

ہائیکورٹ بینچ نے کہا تھا کہ حکومتی ادارے نہال انصاری کی سزا مکمل ہونے سے پہلے تمام انتظامات مکمل کرے کیونکہ سزا کے بعد انہیں حراست میں رکھنا ملک کا امیج خراب کرے گا۔

یاد رہے کہ نہال انصاری 2012 میں کوہاٹ سے لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد ایک فری لانس پاکستانی صحافی زینت شہزادی نے کوہاٹ سے ان کی گمشدگی کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن بعد ازاں وہ بھی لاپتہ ہوگئی تھیں۔

انسانی حقوق کے علمبرداروں کی جانب سے زینت شہزادی کے اغوا کو ’جبری گمشدگی‘ تصور کیا جارہا تھا۔

بعد ازاں خاتون صحافی کی گمشدگی کے بعد حکومتی ایجنسیوں نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ لاپتہ بھارتی شہری ان کی حراست میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے جاسوسی کا الزام، بھارت نے اپنی ہی سفارتکار کومجرم قرار دے دیا

جس کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ نہال انصاری فوج کی حراست میں ہے اور 15 دسمبر 2015 کو فوجی عدالت نے ریاست مخالف سرگرمیوں اور جاسوسی کے الزام میں نہال انصاری کو 3 سال کی سزا سنائی تھی۔

تاہم بھارتی جاسوس نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کوہاٹ میں اپنی فیس بک کی خاتون دوست کی مدد کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے، جس نے ان سے کہا تھا کہ وہ مشکل میں ہے۔

علاوہ ازیں زینت شہزادی اکتوبر 2017 میں بازیاب ہوگئی تھیں لیکن اس کے بعد سے وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ منظر عام سے غائب ہوگئیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024