• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت بمقابلہ سویڈن: یوٹیوب پر نمبر ون ہونے کی جنگ

شائع December 15, 2018 اپ ڈیٹ December 17, 2018
فلیکس آرود نے بھارت کے خلاف گانا بھی جاری کردیا—اسکرین شاٹ
فلیکس آرود نے بھارت کے خلاف گانا بھی جاری کردیا—اسکرین شاٹ

اگرچہ زندگی کے ہر شعبے میں حریفوں کے درمیان ایک ریس لگی رہتی ہے، جس میں ہر کوئی اپنے دشمن کو پیچھے چھوڑنا چاہتا ہے۔

فیشن، فلموں، سوشل میڈیا پرفالوؤرز، تصاویر اور ویڈیو کو پسند اور شیئر کیے جانے سمیت انٹرنیٹ ٹیکنالوجی پر ہر روز ایک نئی جنگ اور ریس لگی رہتی ہے اور ہر آئے دن کچھ نہ کچھ نیا ہوتا رہتا ہے۔

جس طرح دسمبر سے پہلے یوٹیوب پر سب سے بدترین گانا 'بے بی' جسٹن بیبر کا تھا، تاہم اب اس کی جگہ یوٹیوب کی جانب سے ہی بنایا گیا گانا لے چکا ہے۔

اسی طرح اب دنیا کی سب سے بڑی اسی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائیٹ یوٹیوب پر بھارت کی فلم اور میوزک پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ اور یورپی ملک سویڈن کے چینل ’پیو ڈی پائی‘ کے درمیان جنگ چل رہی ہے۔

ان دونوں کے درمیان اپنے چینل کے زیادہ سے زیادہ سبسکرائبرز کی جنگ چل رہی ہے، جس میں حیران کن طور پر ٹی سیریز جیسی کمپنی کے مقابلے سویڈن کے ایک شخص کا چینل آگے ہے۔

15 دسمبر تک پیو ڈی پائی پہلے نمبر پر رہا—اسکرین شاٹ/ یو ٹیوب
15 دسمبر تک پیو ڈی پائی پہلے نمبر پر رہا—اسکرین شاٹ/ یو ٹیوب

اگرچہ دونوں کے سبسکرائبرز میں محض چند لاکھ کا فرق ہے، تاہم پھر بھی سویڈن کا چینل ’پیو ڈی پائی‘ آگے ہے، جو سویڈش اسٹار 29 سالہ فلیکس آرود نے اپریل 2010 میں بنایا تھا۔

دیکھتے ہی دیکھتے اس کے اکاؤنٹ کے سبسکرائبرز کی تعداد 7 کروڑ67 لاکھ سے زائد ہوگئی اور اتنے سبسکرائبرز کے ساتھ ہی وہ 15 دسمبر تک یوٹیوب کا سب سے زیادہ سبسکرائبر چینل تھا۔

اسی طرح بھارت کی فلم اور میوزک پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ 15 دسمبر تک 7 کروڑ 54 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ یوٹیوب پر دوسرا بڑا چینل تھا۔

پیو ڈی پائی 29 سالہ فلیکس آرود نے بنایا—فوٹو: سیریس فیکٹس
پیو ڈی پائی 29 سالہ فلیکس آرود نے بنایا—فوٹو: سیریس فیکٹس

لیکن ایک ماہ پہلے تک ٹی سیریز یوٹیوب پر سبسکرائبرز کا دوسرا بڑا چینل نہیں تھا۔

لیکن اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ سبسکرائبرز کے حوالے سے ’پیو ڈی پائی‘ سب سے بڑا چینل ہے، تاہم ویڈیوز دیکھے جانے کے حوالے سے ’ٹی سیریز‘ بڑا چینل ہے۔

پیو ڈی پائی کی ویڈیوز کو اب تک 20 ارب کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے، جب کہ ٹی سیریز کی تمام ویڈیوز کو مجموعی طور پر 55 ارب سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

اسی طرح یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یوٹیوب کا سب سے بڑا سبسکرائبر چینل ایک شخص کی جانب سے بنایا گیا، جب کہ دوسرا بڑا چینل ایک پوری کمپنی ہے، جو میوزک اور فلموں سمیت کئی طرح کی ویڈیوز بنانے کا کام کرتی ہے۔

ٹی سیریز کو گلشن کمار نے 1983 میں بنایا، اب ان کے بیٹے بشن کمار اسے سنبھالتے ہیں—فوٹو: فلمی منترا
ٹی سیریز کو گلشن کمار نے 1983 میں بنایا، اب ان کے بیٹے بشن کمار اسے سنبھالتے ہیں—فوٹو: فلمی منترا

ٹی سیریز کا شمار بھارت کی سب سے بڑی پروڈکشن کمپنی میں بھی ہوتا ہے۔

اگرچہ ٹی سیریز کے بینر تلے بولی وڈ کی فلمیں اور میوزک کے گانے1983 کے بعد ریلیز ہونا شروع ہوئے، مگر اس کمپنی نے یوٹیوب پر 2006 میں اپنا چینل کھولا اور اب تک اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 7 کروڑ 54 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹی سیریز کے سبسکرائبرز سویڈش گلوکار کے چینل سے آگے نکل جائیں گے، لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

پیو ڈی پائی اتنا مشہور کیوں ہے؟

زیادہ تر لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ اگر ٹی سیریز ایک پوری کمپنی ہے اور اس کے پاس ہر طرح کا بہت سارا مواد موجود ہے، پھر وہ ایک شخص کے اکاؤنٹ سے سبسکرائبرز کے حوالے سے پیچھے کیوں ہے؟

اس کا آسان جواب یہ ہے کہ در اصل پیو ڈی پائی کے اسٹار فلیکس آرود ڈرٹی کامیڈی اور کئی ممالک پر کھلے عام تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

فلیکس آرود چوں کہ انگریزی زبان میں اپنی ویڈیوز جاری کرتا ہے، جس میں بعض مرتبہ کسی ملک اور قوم کو بھی سر عام تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

دوسرے ممالک اور قوموں کو تنقید کا نشانہ بنانے کی وجہ سے جہاں فلیکس آرود کی ویڈیوز کو دیکھا جاتا ہے، وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے کہ وہ کیوں کسی قوم اور ملک کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

تاہم فلیکس آرود نے آج تک اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ایسا صرف اپنے سبسکرائبرز بڑھانے اور ویڈیوز کو زیادہ سے زیادہ دیکھے جانے کی وجہ سے کرتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک گانا بھی جاری کیا، جس میں وہ نہ صرف ٹی سیریز بلکہ بھارت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے، جس پر بھارتیوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

پیو ڈی پائی کی جانب سے بھارت اور ٹی سیریز کو للکارنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بھارت کے یوٹیوب چینلز اور افراد نے ٹی سیریز کی حمایت میں ویڈیوز جاری کیں اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک کے چینل کو زیادہ سے زیادہ سبسکرائب کریں۔

ٹی سیریز کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گانا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024