• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ہواوے کی گرفتار خاتون افسر قید جیسی ضمانت پر رہا

شائع December 15, 2018
مینگ وانژو ایک ہفتے سے زائد تحویل میں رہیں—فوٹو: سی بی سی
مینگ وانژو ایک ہفتے سے زائد تحویل میں رہیں—فوٹو: سی بی سی

رواں ماہ کے آغاز میں کینیڈا میں امریکا کی درخواست پر گرفتار کی گئی چین کی اسمارٹ موبائل بنانے والی کمپنی ہواوے کی خاتون افسر کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

ہواوے کی چیف فنانشل افسر (سی ایف او) مینگ وانژو کو کینڈین حکام نے برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور کے ایئر پورٹ سے امریکی حکومت کی درخواست پر گرفتار کیا تھا۔

کینیڈین حکام نے 7 روز بعد مینگ وانژو کی گرفتاری کو ظاہر کیا تھا۔

ان پر امریکی حکومت کی جانب سے ایران پر عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی اور امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے اور اسے دھوکا دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

مینگ وانژو کو 8 دسمبر میں عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا، جہاں ان کی 3 دن تک سماعت جاری رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ہواوے کی گرفتار خاتون افسر پر امریکا سے دھوکے کا الزام

ہواوے کی چیف فنانشل افسر کے وکلا نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی مؤکل بیمار ہیں اور انہوں نے حال ہی میں سرجری اور علاج بھی کروایا۔

مینگ وانژو کو کئی شرائط پر رہا کیا گیا—فوٹو: گرافک آن لائن
مینگ وانژو کو کئی شرائط پر رہا کیا گیا—فوٹو: گرافک آن لائن

علاوہ ازیں ان کے وکلا نے مؤکل پر لگے الزامات کو مسترد بھی کیا تھا۔

مینگ وانژو کی گرفتار پر جہاں امریکا اور چین کے تعلقات میں کشیدگی دیکھی گئی، وہیں چین اور کینیڈا کے درمیان بھی تعلقات کشیدہ دیکھے گئے۔

ہواوے کی چیف فنانشل افسر کی گرفتاری کے بعد چین میں بھی کینیڈا کے سابق سفیر سمیت ایک اعلیٰ کاروباری شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔

تاہم اب کینیڈا کی عدالت نے مینگ وانژو کو ایک کروڑ کینیڈین ڈالر کی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق تین دن تک سماعتیں جاری رہنے کے بعد عدالت نے مینگ وانژو کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے انہیں وینکوور میں رہنے کا حکم دیا۔

مینگ وانژو کو رواں ماہ کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: چائنا مارننگ پوسٹ
مینگ وانژو کو رواں ماہ کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا—فوٹو: چائنا مارننگ پوسٹ

رپورٹ کے مطابق عدالت نے مینگ وانژو کو اپنا پاسپورٹ جمع کروانے سمیت ایک خاص وقت گھر سے باہر رہنے اور اپنی نقل و حرکت کی رپورٹ حکام دینے کی ہدایت بھی کی۔

علاوہ ازیں عدالت نے مینگ وانژو کو ایک ڈیٹیکٹ کرنے والا آلہ پہننے کی ہدایت بھی کی، جس سے ان کی نگرانی کی جاسکے گی۔

ساتھ ہی مینگ وانژو کے قریبی دوستوں کے بھی ضمانتی کاغذات جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ہواوے کی اعلیٰ افسر کی گرفتاری، چین کا امریکا سے شدید احتجاج

ضمانت سے قبل ہونے والی سماعتوں کے دوران مینگ وانژو کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ ان کی مؤکل گزشتہ 15 برس سے کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے یہاں پر 2 گھر ہیں۔

عدالت میں جمع کرائے گئے کاغذات سے پتہ چلا کہ مینگ وانژو کے 4 بچے ہیں اور انہوں نے 2 شادیاں کیں، ان کے تین بچے پہلے شوہر سے ہیں، جن سے انہوں نے طلاق لی تھی۔

کاغذات سے یہ بھی پتہ چلا کہ مینگ وانژو نے دوسری شادی اپنی ہی کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر سے کی۔

مینگ وانژو ہواوے کے بانی Ren Zhengfei کی بیٹی ہیں جو چائنا پیپلز لبریشن آرمی کے سابق انجینئر ہیں۔

مینگ وانژو شہر سے باہر نہیں جا سکتیں—فوٹو: ون نیوز پیج
مینگ وانژو شہر سے باہر نہیں جا سکتیں—فوٹو: ون نیوز پیج

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024