• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
شائع December 10, 2018 اپ ڈیٹ December 13, 2018

ویسے تو رواں سال ایسے کئی بولی وڈ اداکار و اداکارائیں سامنے آئیں، جو اپنے کام، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ذاتی زندگی کے حوالے سے چرچا میں رہے، تاہم چند ایسے ہیں جن کا شمار شاید رواں سال کے سب سے مقبول بولی وڈ اداکاروں میں کیا جاسکتا ہے۔

اس سال کئی نامور بولی وڈ اداکاروں کی بڑی بڑی فلمیں ناکام ہوئیں، جبکہ کئی ایسے اداکار اپنے فلموں سے لوگوں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے جن کا شمار بہت بڑے اداکاروں میں نہیں کیا جاتا۔

ایسے ہی فلموں، ڈراموں، اشتہاروں اور سوشل میڈیا پر شائقین کو محظوظ کرتے اداکار اپنی ذاتی زندگی کے باعث بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اگر رواں سال کے سب سے مقبول بولی وڈ اداکاروں کی بات کی جائے تو ذہن میں سب سے قبل رنویر سنگھ اور رنبیر کپور کا نام ہی سامنے آتا ہے۔

رنویر سنگھ

بولی وڈ کے یہ جوشیلے اداکار سال کے شروع سے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، رنویر سنگھ کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوت‘ میں ان کے منفی کردار کو سب سے زیادہ توجہ ملی۔

رنویر سنگھ نے فلم پدماوت میں علاؤالدین خلجی کا منفی کردار ادا کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ صرف ہیرو کے روپ میں ہی نہیں بلکہ ولن بن کر بھی سب کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

اداکار نے اس سال کئی اشتہارات میں بھی جلوے دکھائے، جبکہ وہ بہت سے برانڈز کے سفیر بھی بنے۔

اپنے دلچسپ فیشن سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بنے، جبکہ اپنی آنے والی فلموں ’گلی بوائے‘ اور ’سمبا‘ سے لوگوں کو پرجوش بھی رکھا۔

ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کی جائے تو رنویر سنگھ نے بولی وڈ کی کامیاب اداکارہ دپیکا پڈوکون سے شادی کی۔

ان دونوں نے اٹلی میں گزشتہ ماہ شاندار انداز میں شادی کی، جبکہ بعدازاں بھارت میں کئی استقبالیہ بھی منعقد کیے۔

رنویر سنگھ اور دپیکا کی جوڑی کو بھی بولی وڈ کی سب سے کامیاب جوڑی کہا گیا، اور شاید یہی وجہ ہے کہ اس سال سب سے زیادہ توجہ کا مرکز اگر کوئی بولی وڈ اداکار رہا تو وہ رنویر سنگھ ہی ہے۔

رنبیر کپور

رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور نے رواں سال فلم ’سنجو‘ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو خوب متاثر کیا۔

فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا کردار نبھایا، اور انہیں سب سے زیادہ داد اس ہی بات کی ملی کہ خود کے نامور اداکار ہونے کے باوجود کسی دوسرے اداکار کا روپ دھار کر اسکرین پر اس کا کردار نبھانا یقیناً خاصہ مشکل کام ہے، جسے رنبیر کپور نے نہایت باخوبی سے انجام دیا۔

رنبیر کپور اپنی فلم ’براہمسٹرا‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف رہے، جبکہ انہیں یش راج پروڈکشنز کی ایک اور فلم ’شمشیرا‘ میں بھی کاسٹ کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کی جائے تو رنبیر کپور کا عالیہ بھٹ کے ساتھ افیئر بھی خبروں میں رہا۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ براہمسٹرا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اس فلم کے دوران ہی دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے۔

دونوں نے میڈیا اور مداحوں کے سامنے اپنے رشتے کو قبول بھی کیا جبکہ یہ دونوں جلد شادی بھی کرنے جارہے ہیں۔

ورن دھون

بولی وڈ اداکار ورن دھون کی رواں سال دو فلمیں ’اکتوبر‘ اور ’سوئی دھاگا‘ سامنے آئیں، ان دونوں ہی فلموں میں ورن دھون نے نہایت منفرد کردار ادا کیے۔

ورن کی اداکاری کو ان دونوں فلموں میں نہایت پسند کیا گیا، جبکہ وہ نوجوان اداکاروں میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے اداکار بھی بن گئے۔

ورن دھون نے کافی ود کرن شو پر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ وہ اپنی بچپن کی دوست نتاشا دلال سے جلد شادی کرنے جارہے ہیں۔


اداکاروں کے علاوہ اگر بولی وڈ اداکاراؤں کی بات کی جائے تو اس سال دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا، سونم کپور، ملائیکا اروڑا مقبول ترین اداکاراؤں میں سرفہرست رہیں۔

دپیکا پڈوکون

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوت‘ کئی تنازعات کا سامنا کرنے کے بعد آخر کار رواں سال ریلیز ہوئے، فلم میں دپیکا نے رانی پدماوتی کا کردار نبھایا تھا۔

فلم کی ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر میں دپیکا پڈوکون کے کام کو بےحد سراہا گیا، جبکہ ان کے سپورٹ میں پوری بولی وڈ انڈسٹری بھی سامنے آئی۔

اس کے علاوہ دپیکا پڈوکون کی کانز فیسٹیول میں شرکت اور اس دوران ان کے انداز کو بھی کافی سراہا گیا۔

دپیکا پڈوکون کئی بڑے برانڈز کے اشتہارات کا بھی حصہ بنیں جبکہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی چرچا میں رہیں۔

دپیکا پڈوکون کی رنویر سنگھ سے شادی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔

پریانکا چوپڑا

پریانکا چوپڑا نہ صرف بولی وڈ پروجیکٹس بلکہ ہولی وڈ پروجیکٹس کے لیے بھی خبروں میں رہیں، انہوں نے روں سال اپنی فلم ’دی سکائے از پنک‘ کے ساتھ بولی وڈ میں واپسی بھی کی۔

پریانکا چوپڑا کو سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں بھی کاسٹ کیا گیا، تاہم اداکارہ نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے فلم کو خیرباد کہہ دیا تھا، تاہم مداح انہیں سلمان خان کے ساتھ دوبارہ کام کرتا دیکھنے کے خواہشمند تھے۔

اداکارہ کی امریکی گلوکارہ کے ساتھ رشتے اور شادی کی خبریں بھی خبروں کی زینت بنی رہی۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی رواں ماہ ہوئی، جسے دنیا بھر کے میڈیا نے خبروں کا حصہ بنایا۔

سونم کپور

بولی وڈ فیشنسٹا سونم کپور اس سال اپنے فیشن سے زیادہ ذاتی زندگی کی وجہ سے چرچا میں رہیں۔

سونم کپور ویسے تو اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے میڈیا میں بات کرنے سے گریز کرتی ہیں تاہم ان کی کاروباری شخص آنند اہوجا کے ساتھ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز رواں سال کے آغاز میں سوشل پر وائرل رہیں۔

سونم کپور کی فلم ویرے دی ویڈنگ میں ان کے کام کو بھی خوب سراہا گیا، جبکہ کانز فلم فیسٹیول میں سونم کپور کے انداز کو بھی خوب پسند کیا گیا۔

ملائیکا اروڑا

بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ اور ڈانسر ملائیکا اروڑا اپنے کام سے زیادہ ذاتی زندگی کے حوالے سے رواں سال چرچا میں رہیں۔

سابق شوہر ارباز خان سے علحیدگی کے بعد خود سے کئی سال چھوٹے اداکار ارجن کپور کے ساتھ افیئر کی خبروں سے ملائیکا اروڑا کا نام رواں سال کئی بار سامنے آتا رہا۔

اس کے علاوہ وہ بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر بنائی مزاحیہ ویڈیوز کی وجہ سے بھی چرچا میں رہیں۔


آپ اس فہرست سے کتنے متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں بتائیں۔