نادیہ خان کی کئی برس بعد میزبانی کے شعبے میں واپسی
اگر تو آپ نادیہ خان کے پرستار ہیں، تو ان کے نئے انداز کے لیے تیار ہوجائیں۔
نادیہ خان کو آغاز میں شہرت مختلف ڈراموں جیسے بندھن سے ملی مگر آن اسکرین ہنس مکھ اور شوخ شخصیت کے طور پر مارننگ شو ہوسٹ کی حیثیت سے اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ کو مارننگ شو میزبان کے طور پر زیادہ جانا گیا۔
تاہم 17 سال بعد 2017 میں انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں واپسی کی مگر اب ایک بار پھر اپنے شعبے یعنی میزبانی کی جانب چلی گئی ہیں۔
اس بار نادیہ خان بول انٹرٹینمنٹ کے لیے ایک گیم شو 'کروڑوں میں کھیل' کی میزبانی کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں : ' 17 سال پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ باشعور ہوں'
انہوں نے اس شو کے بارے میں بتایا ' گیمز کھیلنے کی بجائے ہم شرکا سے سوالات کے جوابات دینے کا کہتے ہیں تاکہ وہ اپنی معلومات ظاہر کرسکیں، اس کا مقصد لوگوں کے اندر مطالعے اور کوشش کی حوصلہ کرنا ہے، وہ شو کے آڈیشن کے لیے بول ایپ اور ویب سائٹ پر دستیاب مواد کے ذریعے تیار کرسکتے ہیں'۔
بظاہر یہ آئیڈیا بھارت کے مشہور کون بنے گا کروڑ پتی جیسا لگتا ہے تاہم نادیہ خان کا کہنا تھا کہ ان کا شو کے بی سی جیسا نہیں ' ہم نقد انعام کی بجائے مختلف طرح کے انعامات دیتے ہیں، جبکہ سوالات بھی پاکستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی خبروں اور حالات حاضرہ سے جڑتے ہوتے ہیں'۔
اس شو میں دیئے جانے والے انعوامات میں اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپ اور گھریلو مصنوعات جیسے واشنگ مشین، ہیروں اور سونے کے زیورات کے ساتھ ساتھ ایک مرسڈیز اور بنگلہ بھی شامل ہے۔
اس شو کا آغاز رواں ہفتے ایک سلیبرٹی ریما خان کے ساتھ ہوا جبکہ کچھ قسطوں میں عام لوگوں کو بھی اس میں قسمت آزمائی کا موقع ملے گا۔
نادیہ خان کے مطابق 'اس شو کا بہترین حصہ میرے ناظرین کو مجھ سے رابطے کا موقع ملنا ہے، میں طویل عرصے تک مارننگ شوز کرچکی ہوں مگر مجھے کبھی سیٹ یا اسٹیج پر ناظرین سے دوبدو بات چیت کا موقع نہیں ملا، تو یہ چیز اسے میرے لیے خاص بناتی ہے'۔
یہ بھی پڑھیں : نادیہ خان کی بیٹی پر ہولی وڈ اداکار کا 'تشدد'
انہوں نے بتایا 'پاکستانی گیم شوز سے بہت زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں اور ہر ایک کو جیتنا پسند ہے، مگر ہمارے گیم شو کے لیے لوگوں کو ذہانت آزمانے کی ضرورت ہوتی ہے، جو کہ دیگر سے مختلف ہے'۔