کراچی: بحریہ ٹاؤن کے ملازمین کا احتجاج روکنے میں ناکامی، 2 پولیس افسران معطل
کراچی: ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کے الاٹیز، ملازمین اور ٹھیکیداروں نے انتظامیہ کی جانب سے عدم ادائیگی پر سپر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی، جبکہ مظاہرین کو منتشر نہ کرنے پر 2 پولیس افسران کو معطل کردیا گیا۔
سپرہائی وے پر کئی گھنٹے تک جاری احتجاجی دھرنے سے ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’بحریہ ٹاؤن کو دھوکے سے زمین دی گئی، چاندی دے کر سونا لے لیا گیا‘
بعد ازاں احتجاجی دھرنے میں سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شامل ہو گئے۔
حکام اور عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین میں خواتین سمیت ہزاروں افراد نے سپرہائی وے پر احتجاج کرنے سے قبل شاہراہ فیصل پر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین سمیت تقریباً 5 ہزار افراد نے سپرہائی وے کے مختلف مقامات پر صبح 10 سے شام 4 بجے تک احتجاجی دھرنا دیا۔
جس کے باعث سپرہائی وے کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کیس: ’زمین کی الاٹمنٹ میں بدنیتی نکلی تو پورا ڈھانچہ گر جائے گا‘
پولیس حکام نے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن کا سیکیورٹی انچارج بھی عدم ادائیگی کے باعث احتجاجی مظاہرے میں شریک تھا۔
ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ ’مظاہرین کا مطالبہ تھا انہیں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق پلاٹ کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں‘۔
موٹر وے پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے کاٹھور اور ڈی آئی جی موٹر وے آفس پر دو متبادل راستے بنائےگئے۔
واضح رہے کہ مظاہرین کی جانب سے کاٹھور میں بھی احتجاج کیا گیا۔
مذکورہ حالات کے پیش نظر حیدرآباد سے آنے والی گاڑیوں کو نیشنل ہائی وے منتقل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاؤن عدالت پر دباؤ ڈالنا چھوڑ دے، سپریم کورٹ
ڈی آئی جی ایسٹ زون عامر فاروق نے ڈان کو بتایا کہ ڈی ایس پی میمن گوٹھ آغا مظفر حسین کو لاپرواہی برتنے پر معطل کردیا گیا.
انہوں نے بتایا کہ معطل ہونے والے افسر نے سپرہائے وے پر احتجاجی مظاہرین کو ہٹانے کی ہدایت پر عمل نہیں کیا تھا.
ان کا کہنا تھا کہ گڈاپ سٹی کے ایس ایچ او ملک مظہر اقبال کو بھی ’غیر ذمہ دارانہ‘ رویہ برتنے اور مظاہرین کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی نہ کرنے پر معطل کردیا گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ پولیس سپرہائی وے بلاک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت بری طرح متاثر ہوئی۔