شائع December 6, 2018
فہرست کے مطابق ماہرہ خان سب سے زیادہ پرکشش پاکستانی خاتون ہیں—فوٹو: ماہرہ انسٹاگرام
فہرست کے مطابق ماہرہ خان سب سے زیادہ پرکشش پاکستانی خاتون ہیں—فوٹو: ماہرہ انسٹاگرام

ویسے تو دنیا کے سب سے بڑے براعظم ایشیا میں خوبصورت، پرکشش اور جاذب نظر خواتین کی کمی نہیں، تاہم برطانوی جریدے کی جانب سے تیار کی گئی ایک فہرست میں ایشیا کی 50 پرکشش خواتین میں چند پاکستانی خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ہفتہ وار شوبز میگزین ’ایسٹرن آئی‘ کی جانب سے سال 2018 کی ’ایشیا کی 50 پرکشش خواتین‘ کی فہرست اگرچہ 7 دسمبر کو شائع کی جائے گی، تاہم ابھی سے ہی اس فہرست میں شامل خواتین کے نام سامنے آئے ہیں۔

فہرست مرتب کرنے والے ایڈیٹر اسجد نظیر نے اپنی ٹوئیٹ میں ایشیا کی 5 پرکشش خواتین کے نام دیے، جن میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان چوتھے نمبر پر تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایشیا کی پرکشش خواتین کا انتخاب، عوام کے ووٹوں، ان کی کارکردگی اور میڈیا کوریج سمیت دیگر چیزوں کی بنیاد پر کیا گیا۔

ایشیا کی 50 پرکشش خواتین میں جہاں ماہرہ خان چوتھے نمبر پر ہیں، وہیں صنم سعید، مہوش حیات اور اقرا عزیز سمیت دیگر اداکارائیں بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

تاہم 10 پرکشش خواتین میں صرف ایک پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان شامل ہیں۔

ایشیا کی 10 پرکشش خواتین

10- نتی ٹیلر

’کیسی یہ یاریاں، پیار تونے کیا، کیا، بڑے اچھے لگتے ہیں، لال عشق اور یہ ہے عاشقی’ جیسے بھارت کے مقبول ڈراموں میں جلوے دکھانے والی 24 سالہ نتی ٹیلر کو ایشیا کی دسویں پر کشش خاتون کے طور پر فہرست میں شامل کیا گیا۔

9- کترینہ کیف

بولی وڈ میں بار بی ڈول اور حالیہ دنوں میں ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں ثریا جان لے گی کیا جیسے گانوں میں رقص کے ذریعے لوگوں کو اپنا دیوانہ بنانے والی اداکارہ کترینہ کیف کو اس بار ایشیا کی 9 ویں جاذب نظر خاتون قرار دیا گیا۔

8- حنا خان

بھارتی اداکارہ، ڈانسر اور ماڈل حنا خان کو اس بار ایشیا کی 10 پرکشش خواتین میں سے 8 ویں نمبر پر رکھا گیا۔

7- سونم کپور

رواں برس مئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی اداکارہ اور فیشن آئیکون سونم کپور کو ایشیا کی ساتویں پرکشش خاتون قرار دیا گیا۔

6- عالیہ بھٹ

ان دنوں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے تعلقات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ کو ایشیا کی 50 پرکشش خواتین میں سے چھٹے نمبر پر رکھا گیا۔

5- شوانگی جوشی

’پیار تونے کیا، کیا، بے انتہا، یہ ہے عاشقی اور یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ جیسے بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی ٹی وی اداکارہ 20 سالہ شوانگی نے خوبصورتی میں کترینہ کیف اورعالیہ بھٹ جیسی اداکاراؤں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

شوانگی جوش کو ایشیا کی پانچویں پرکشش خاتون قرار دیا گیا۔

4- ماہرہ خان

ایوارڈ یافتہ اور پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کے یوں تو ایشیا بھر میں چرچے رہتے ہیں، تاہم انہیں ایشیا کی پرکشش خواتین میں چوتھے نمبر پر رکھا گیا۔

ماہرہ خان نے متعدد بولی وڈ اداکاراؤں کو خوبصورتی میں پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کی سب سے زیادہ جاذب نظر خاتون کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

3- نیا شرما

’عشق میں مرجاواں، میری درگا، کالی، یہ رشتا کیا کہلاتا ہے اور خطروں کے کھلاڑی‘ جیسے شوز میں شرکت کرنے والی 28 سالہ بھارتی ٹی وی اداکارہ نیا شرما کو ایشیا کی تیسری پرکشش خاتون قرار دیا گیا۔

2- پریانکا چوپڑا

سابق مس ورلڈ اور مس انڈیا جیسے خطاب حاصل کرنے والی حال ہی میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی 36 سالہ پریانکا چوپڑا کو ایشیا کی دوسری پرکشش خاتون قرار دیا گیا۔

1- دپیکا پڈوکون

گزشتہ ماہ نومبر میں ساتھی اداکار رنویر سنگھ سے شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی دپیکا پڈوکون کو ایشیا کی سب سے زیادہ خوبصورت اور پرکشش خاتون قرار دیا گیا۔

اس فہرست میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات، صنم سعید اور اقرا عزیز بھی شامل ہیں، تاہم وہ پہلی 10 خوبصورت خواتین میں شامل نہیں۔

علاہ ازیں اس فہرست میں بولی وڈ اداکارائیں مادھوری ڈکشٹ، ایشوریا رائے بچن اور جیکولین فرنانڈس بھی شامل ہیں، تاہم وہ بھی پہلی 10 جاذب نطر خواتین میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

ایشیا کی پرکشش خواتین میں مہوش حیات، صنم سعید اور اقرا عزیز بھی شامل ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ایشیا کی پرکشش خواتین میں مہوش حیات، صنم سعید اور اقرا عزیز بھی شامل ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (3) بند ہیں

SHOAIB CHAWAN Dec 07, 2018 12:24pm
Good
HonorBright Dec 07, 2018 03:14pm
Really?
سردارامین Dec 07, 2018 08:42pm
دیپیکا اور نیا شرما کو پیچھے ہونا چاھیۓ