ڈائپر تبدیل کرنے کے انتہائی آسان طریقے
ڈائپر تبدیل کرنا نئے والدین کے لیے نہایت پریشان کن مرحلہ ہوسکتا ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آپ ذرا سی پریکٹس کرکے اس کام میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔
اسی مہارت کو حاصل کرنے کے لیے ذیل میں وہ 7 مراحل دیے جا رہے ہیں جو ڈائپر تبدیل کرنا آپ کے بائیں ہاتھ کا کھیل بنا دیں گے۔
1: شروع کرنے سے قبل یقینی بنا لیں کہ تمام ضروری چیزیں آپ کی دسترس میں ہیں: صاف ڈائپر، کاٹن بالز، گرم پانی، ڈائپر کریم یا آئنٹمنٹ، واش کلاتھ اور ڈائپر لیک ہونے کی صورت میں صاف کپڑے۔
2: بچے کو موٹے تولیے یا کسی اور چیز پر لٹائیں۔ صاف ڈائپر کھولیں اور اسے ایک جانب رکھ دیں۔ یاد رکھیں کہ بھلے ہی آپ کے بچوں کو کروٹ لینے میں کئی ماہ لگیں گے، مگر پھر بھی آپ کو ہمہ وقت اس پر ہاتھ رکھنا چاہیے۔ کبھی بھی اسے اکیلا نہیں چھوڑیں، ایک لمحے کے لیے بھی نہیں۔
3: صاف ڈائپر کو بچے کے نیچے رکھ دیں کہ کہیں وہ اس دوران پیشاب یا پاخانہ نہ کردے کیونکہ تازہ ہوا جلد پر لگنے سے اس کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ کوشش کریں کہ اس دوران بچے سے بات کرتے رہیں، گنگناتے رہیں یا پھر مزاحیہ چہرے بناتے رہیں تاکہ بچے کا دھیان بٹا رہے۔
4: سامنے سے پیچھے تک پونچھیں اور یقینی بنا لیں کہ ٹانگوں کے بیچ کوئی بھی جگہ صاف ہونے سے بچ نہیں گئی ہے۔ اگر آپ کے بچے نے پاخانہ کردیا ہے تو کوشش کریں کہ پچھلے ڈائپر کے صاف حصوں سے ہی جس قدر ہوسکے پاخانہ صاف کر دیں۔
5: ڈائپر ریش سے بچنے کے لیے نیا ڈائپر پہنانے سے قبل اس کا جسم پوری طرح خشک ہونے دیں۔ اس کام میں تیزی لینے کے لیے آپ واش کلاتھ یا پھر پھونک کا استعمال کرسکتے ہیں۔ گلابی یا خراش زدہ نظر آنے والے حصوں پر فوراً ڈائپر کریم لگا دیں۔
6: بچے کی ٹانگیں اوپر کرکے صاف ڈائپر کو اس کے نیچے رکھ دیں۔ اگر آپ کا بچہ لڑکا ہے تو یقینی بنائیں کہ ڈائپر بند کرتے وقت اس کا عضوِ خاص نیچے کی جانب ہو۔
7: بدبو اور گندگی سے بچنے کے لیے خراب ڈائپر کو پھینکنے سے قبل تہہ کرلیں۔ سارے کام ہوجانے کے بعد اپنے ہاتھ گرم پانی اور صابن سے دھونا نہ بھولیں۔