• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قونصلیٹ حملہ: 'چینی حکومت نے شہید اہلکاروں کیلئے مزید 60 لاکھ روپے جاری کردیئے'

شائع November 29, 2018
چینی عوام شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کے لیے امداد جمع کررہی ہے — فائل فوٹو
چینی عوام شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کے لیے امداد جمع کررہی ہے — فائل فوٹو

کراچی میں چینی قونصل جنرل وانگ یو نے اپنی حکومت کی جانب سے مزید 60 لاکھ روپے کی امدادی رقم قونصلیٹ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ورثا کو فراہم کردی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی خصوصی ہدایات پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چین کے قونصل جنرل وانگ یو (Wang-Yu) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے شہدا کے ورثا سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہدا سندھ پولیس کے بہادر اہلکار تھے جبکہ چین کی حکومت اور عوام کے لیے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل وانگ یو نے اپنی حکومت کی جانب سے دونوں شہدا کے ورثا 30، 30 لاکھ روپے کی امدادی رقوم دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی 30، 30 لاکھ روپے کی رقم دونوں شہدا کے ورثا کے لیے دیئے جاچکے ہیں جو مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی چین کی عوام باقاعدہ ایک مہم کے ذریعے دونوں شہدا کی قربانیوں کو ایک اعزاز بنا کر امدادی رقوم اکٹھا کرنے میں ناصرف مصروف ہے بلکہ سندھ پولیس کی شکرگزار بھی ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ نے چینی حکومت کے سندھ پولیس کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے سندھ پولیس اور ان کے کارہائے نمایاں ہمارا اثاثہ اور مشعل راہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید کبھی مرتے نہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، ہمارے شہدا نے جو کارنامہ انجام دیا اس نے صرف پاکستان ہی میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں سندھ پولیس کا نام روشن کیا ہے اور تاریخ میں ان کا نام سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس بہادر دلیر اور مستعد افسران اور جوانوں پر مشتمل ایک ایسا دستہ ہے جو جرائم کے خلاف ہمہ وقت تیار اور ڈٹے رہنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث دہشت گرد کے 2 بھائی کوئٹہ سے گرفتار

اس موقع پر شہدا کے ورثا نے مالی امداد اور معاونت پر سندھ پولیس اور چینی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور قوم کے دفاع کی خاطر ایک کیا ہزاروں جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں، ہمیں اپنے ملک کی عزت وناموس اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیرشیخ، ایڈیشنل آئی جی سندھ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز سندھ، فائنانس/ویلفیئرسندھ، زون جنوبی، ایس ایس پیز جنوبی اور سٹی، اے آئی جی فارنر سیکیورٹی سیل کے علاوہ چینی سفارت خانے کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل عامرخان کے ورثا نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ 23 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: چینی قونصلیٹ پر کس طرح حملے کی کوشش کی گئی؟

اس حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ چینی قونصل خانے میں ویزا کی غرض سے آنے والے باپ اور بیٹے نے بھی جان گنوادی تھی۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی کی گئی اور حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024