اداکارہ کا جنسی ہراساں کی درخواست سے دستبردار ہونے کا فیصلہ
بولی وڈ کے نامور ہدایت کار سبھاش گھائے پر جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی ٹیلی ویژن اداکارہ نے ان کے خلاف درج کی گئی درخواست سے دستبردار ہونے فیصلہ کرلیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی ویژن اداکارہ نے کہا کہ ان پر اپنی بیمار والدہ اور خاندان کی ذمہ داری ہے، تاہم جب سے انہوں نے سبھاش گھائے پر الزام عائد کیا ہے اس کے بعد سے ان کی والدہ خاصی پریشان ہیں۔
جبکہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کی سبھاش گھائے پر لگائے الزامات کے بعد سے جس طرح ان کے معاملے سے نمٹا گیا، اس سے وہ بہت مایوس ہوئیں۔
اداکارہ کے مطابق ’میں نے ممبئی پولیس کا آگاہ کردیا ہے کہ میں سبھاش گھائے کے خلاف درخ کی درخواست سے دستبردار ہورہی ہوں، مجھے اپنے خاندان اور اپنی بیمار والدہ کا خیال رکھنا ہے، میرے پاس اتنا وقت نہیں کہ میرے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس پر انصاف حاصل کرنے کے لیے میں ادھر سے اُدھر پھر سکوں‘۔
اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے مزید کہا کہ ’لوگ می ٹو مہم کا مذاق بنا رہے ہیں، کچھ بھی نہیں ہوا، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، پولس اہلکار صرف ایف آئی آر درج کرنے میں مصروف ہیں، تو پھر اس پوری مہم کا فائدہ کیا ہے؟ مجھے بتائیں کتنے لوگ گرفتار ہوئے؟ پولیس مجھ سے پوچھتی ہے کہ کیا میں ایف آئی آر درج کرانا چاہتی ہوں، لیکن مجھے انصاف پانے کے لیے مزید آگے جانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، میں اور سبھاش گھائے بہت اچھے دوست تھے لیکن انہوں نے سب تناہ کردیا، میں یہ پہلے بھی بتا چکی ہوں، میں سب سے تھک چکی ہوں، اس لیے اپنی درخواست سے دستبردار ہورہی ہوں‘۔
انڈین ایکسپریس کی اس رپورٹ میں اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 26 سالہ ابھرتی ہوئی اداکارہ اور ماڈل کیٹ شرما نے سبھاش گھائے پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔
کیٹ شرما نے ممبئی کے وروسوا تھانے میں ہدایت کار کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سبھاش گھائے نے انہیں 2 ماہ قبل 6 اگست کو اپنے گھر پر بلایا اور نصف درج افراد کے سامنے مساج کرنے کی فرمائش کی۔
اداکارہ نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ سبھاش گھائے نے انہیں زبردستی بوسہ دینے کی کوشش بھی کی تھی۔
جس کے بعد سبھاش گھائے نے کیٹ شرما کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹوئیٹ کی تھی کہ وہ ‘می ٹو’ مہم اور خواتین کی خود مختاری کے زبردست حامی ہیں۔
ساتھ ہی سبھاش گھائے نے کہا تھا کہ ان کی قانونی ٹیم ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ کیٹ کے علاوہ ایک اور خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے سبھاش گھائے پر ان کا ریپ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈائریکٹر نے ان کو زبردستی شراب منشیات دینے کے بعد ریپ کا نشانہ بنایا۔