• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

اب بھلا قسمت سے کون پوچھے گا؟

شائع December 3, 2018

ہم کتنے بدنصیب ہیں۔ جو چیزیں تعریف کے قابل ہوں اُن کی تعریف کسی اور چیز سے مشروط کرکے اُس کی اصل حیثیت کو گھٹا دیتے ہیں۔

جیسے اگر پاکستان کرکٹ ٹیم میچ جیت جائے تو ہم ایک دفعہ یہ ضرور کہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھا کھیلا اور جیت گئے لیکن اُس کے بعد؟ شکر کرو کوہلی نہیں کھیلا، شکر کرو ٹاس جیت گئے، شکر کرو بارش نہیں ہوئی، بس ان تمام شکرانوں میں جو کم ہوتا ہے، وہ ہوتا ہے اُس اصل فعل کا شکر جس کی وجہ سے کام ہوا۔

کچھ دنوں پہلے ایف ایس سی اور اس سے پہلے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان ہوا۔ چونکہ یہ امتحانات کے نتائج تھے اس لیے کوئی اول آیا، کوئی دوئم اور اسی طرح قطار بنتی گئی۔ تعلیمی اداروں نے اپنے اپنے اچھے نمبروں کے ساتھ کامیاب ہونے والے طلباء کے بینرز لگوائے جس سے یقیناً بچوں کا بھی حوصلہ بلند ہوا اور بلاشبہ اداروں کی تشہیر بھی ہوئی۔

اس سارے معاملے میں چونکا دینے والی بات اُن بینرز پر لکھی تحریر تھی: ’کامیاب ہونے والے خوش نصیب طلبا کو مبارکباد‘

اس بینر پر لکھے اس جملے نے ان بچوں سے ان کی محنت کا ثمر چھین لیا اور اس کے ساتھ ساتھ اس جملے نے باقی طلبا کو بھی پیغام دیا کہ آپ کی ناکامی کے ذمہ دار آپ نہیں بلکہ آپ کا نصیب ہے۔ اگر آپ خوش نصیب ہوتے تو آپ کی کامیابی کا بینر لگتا، اگر آپ خوش نصیب ہوتے تو آپ لائق ہوتے، آپ کا ذہن زیادہ چلتا، آپ کو چیزیں جلد ذہن نشین ہوتیں۔ اِن لوگوں کی جگہ آپ کے نام آویزاں ہوتے، لیکن آپ اتنے خوش نصیب کہاں؟

کتنی عجیب بات ہے کہ ہم اول آنے والے کو اس کی محنت کی وجہ سے شاباش نہیں دیتے اور کم نمبر حاصل کرنے والوں یا فیل ہونے والوں کو ان کی اصل تصویر دکھانے کے بجائے سارے ملبہ ایک ایسی شے (قسمت) پر ڈال دیتے ہیں جس سے ہم پوچھ ہی نہیں سکتے کہ ہاں بھئی؟ تم نے کیوں اس کو اوّل پوزیشن دلا دی اور اس کو فیل کروا دیا؟ آخر کیوں؟

ہماری ناکامیوں کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم اپنی تمام غلطیاں اور کوتاہیوں کو قسمت و مقدر کے ذمے لگا دیتے ہیں۔ اپنی ناکامی کو قسمت و مقدر کے ذمے لگانے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ہم ذہنی طور پر ایک حد تک مطمئن ہوجاتے ہیں اور نفسیاتی طور پر کسی حد تک شکست کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیتے جو ایک وقتی فائدہ ہوتا ہے لیکن یہی وقتی سکون بہت حد تک دُور رس نقصانات کا سبب بنتا ہے، جس میں انسان کا کاہل ہوجانا، ذمہ داریوں سے بھاگنا، الزم تراشی کرنا اور لوگوں کو بہکانا وغیرہ شامل ہیں۔

ہم یہ کیوں نہیں سمجھتے کہ یہ کائنات قسمت و مقدر سے نہیں بلکہ علل و اسباب سے چلتی ہے۔ ہم چاہے جتنی مرضی آیات کا ورد کرلیں، پنکھا اسی وقت چلے گا جب اس کا بٹن دبایا جائے گا کیونکہ وہ بنایا ہی اس طرز پر گیا ہے۔ ایران عراق جنگ کا ایک مشہور واقعہ ہے کہ لوگ امام خمینی کے پاس آئے اور کہا کہ آغا دُعا کریں، امتحان بہت سخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتاؤ کہ 2 میدان ہوں، ایک پر میں صبح و شام نمازیں پڑھوں، دعائیں کروں، وظیفے مانوں کہ یااللہ اس میدان پر اچھی فصل ہوجائے اور اسی میدان کے مقابلے میں ایک اور میدان ہو۔ اس کا مالک وہاں بیج لگائے، کھاد کا استعمال کرے، وقت پر پانی دے، تو آپ بتاؤ کہ فصل کس کی ہوگی؟ لازمی بات ہے کہ فصل اسی کی ہوگی جو فصل کے لیے ضروری تمام لوازمات کو اپنا رہا ہے۔ اس لیے آپ وہ کریں جو دفاع کے لیے ضروری ہے۔

ہمیں بھی اس بات کا ادراک کرنا چائیے کہ کامیابی و ناکامی کے ذمہ دار ہم خود ہیں جو وسائل کا ٹھیک طریقے سے استعمال نہیں کرتے۔

جو عینک لگائے بچے کو امیدیں دلا رہے ہوتے ہیں کہ تُو پائلٹ بنے گا، جو کتاب کھولے بغیر کمرہءِ امتحان میں بیٹھ جاتے ہیں اور نتیجہ آنے پر کہتے ہیں کہ ’یار! قسمت ہی خراب ہے اپنی تو‘۔ جو دائیں بائیں دیکھے بغیر سڑک پار کر رہے ہوتے ہیں اور حادثہ ہونے پر فرماتے ہیں کہ ’لکھی کو کون ٹال سکتا ہے؟‘

مسئلہ یہ ہے کہ ہم خدا کو عادل بھی کہتے ہیں اور پھر اپنے ساتھ رونما ہونے والی ہر آفت کو اسی پر ڈال دیتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ اگر وہ عادل ہے تو کیا میرے ساتھ زیادتی کرے گا؟ اور میرے مقابلے میں کسی اور کو مجھ سے زیادہ دے گا؟

قابلِ غور بات یہی ہے کہ یہی خدا کی عدالت ہے کہ اس نے تمام انسانوں (خواہ وہ اس کے ماننے والے ہوں یا نہ ہوں) کے لیے اصول و ضوابط ترتیب دیے ہیں۔ اب جو کوئی بھی ان پر عمل پیرا ہوگا وہ ساتوں آسمان مسخر کر لے گا اور جو کاہل اور کام چور ہوگا وہ اپنی ناکامی کو مقدر اور قسمت کے ذمے لگاتا رہے گا۔

کیونکہ قسمت سے پوچھنے والا تو کوئی ہے نہیں کہ 'ہاں بھئی ۔۔۔ ؟'

سید موسیٰ کاظم

سید موسیٰ کاظم یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور سے اپلائیڈ سائیکولوجی میں ایم فل کی ڈگری رکھتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

ضیاء Dec 03, 2018 12:33pm
کوشش اور محنت کے ساتھ قسمت بھی ضروری ہے ورنہ کچھ نہیں ہوتا۔
ثناء Dec 03, 2018 03:13pm
بہت خوب۔۔۔ ہمیں ہر بات قسمت پر نہیں ڈالنی چاہیے۔۔
رانا محمد رضوان Dec 03, 2018 04:28pm
کیا بات ہے شاہ جی (y) بہت عمدہ تحریر
رانا فیصل جاوید Dec 03, 2018 04:59pm
سوچ کے نئے در وا کرنے والی خوبصورت تحریر
چوہدری محمد مصور علی کاہلوں Dec 03, 2018 06:01pm
شاہ جی آپ نے بہت اچھا لکھا ہے۔ ہم اپنی کوتاہیوں کو قسمت پر ڈال رہے ہوتے ہیں۔
fawad hussain Dec 03, 2018 10:40pm
اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ کائنات سب و اسباب کے تحت چلتی ہے اور اللہ مسبب الاسباب ہے انسان کو اختیار دیا ہے کہ وہ جس راہ کو چنے چن لے اس کے نتائج بھی اسے ہی بھگتنے ہونگے فرمایا انسان کے لئے کچھ بھی نہیں مگر اس کی محنت کے مطابق محنت اور کوشش سے کی چرانے والے ہمیشہ قسمت اور جبر کا شکار ہوتے ہیں انسان حرکت کرے پھر برکت کو اللہ پر چھوڑ دے
محمد زوالقرنین Dec 04, 2018 09:06am
Bhut awla
محمد زوالقرنین Dec 04, 2018 09:08am
بہت اعلی
سرگودھا یونیورسٹی Dec 04, 2018 08:11pm
@رانا فیصل جاوید nyc cament bro

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024