• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

منفی ریویوز کے باوجود’ٹھگس آف ہندوستان‘ نے سب سے بڑا ریکارڈ توڑدیا

شائع November 9, 2018 اپ ڈیٹ November 10, 2018
فلم 8 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 8 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ریلیز سے قبل شائقین کو فلم سے خوب سی امیدیں وابستہ تھیں، تاہم ریلیز کے بعد ہوا کچھ اور ہی۔

فلم گزشتہ روز 8 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی گئی۔

فلم میں عامر خان اور امیتابھ بچن کے ساتھ ساتھ فاطمہ ثنا شیخ اور کترینہ کیف نے بھی اہم کردار ادا کیے۔

فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ریلیز سے قبل بولی وڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اور شائقین رواں سال کی سب سے بڑی فلم قرار دے رہے تھے۔

تاہم گزشتہ روز فلم کی ریلیز کے فوری بعد اسے ملنے والے ریویوز نے مداحوں کو مایوس کردیا۔

فلم کو زیادہ تر تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز ملے، جبکہ وہ مداح جو سینما گھروں میں اس فلم کو دیکھنے گئے، وہ بھی وہاں سے مایوس ہی لوٹے۔

اس کے باوجود عامر اور امیتابھ بچن کی فلم نے باکس آفس کا وہ ریکارڈ توڑ دیا، جسے توڑنا اب تک ناممکن سمجھا جارہا تھا۔

فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر 52 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمائے۔

اس کمائی کے ساتھ ہی ٹھگس آف ہندوستان وہ پہلی بھارتی فلم بن گئی جس نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز 50 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمائے ہوں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان کی فلم سے قبل یہ ریکارڈ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے نام کیا ہوا تھا۔

شاہ رخ خان کی 2014 میں ریلیز ہوئی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 45 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے تھے۔

اس ریکارڈ کو اب تک کوئی بھارتی فلم توڑ نہیں پائی تھی، تاہم اب اس ریکارڈ پر شاہ رخ کے بجائے عامر خان کا نام لگ چکا ہے۔

اب شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ دوسری جبکہ 2017 میں ریلیز ہوئی فلم ’بہوبلی‘ تیسری بھارتی فلم ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز سب سے زیادہ کمائی کی ہو۔

فلم ’بہو بلی‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے روز 41 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔

عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو ملے منفی ریویوز کے باوجود فلم باکس آفس پر شاندار کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔

تاہم رپورٹس کے مطابق شائقین کی مایوسی کے باعث آنے والے دنوں میں فلم مثبت کمائی کرنے میں ناکام ہوسکتی ہے۔

فلم کی ہدایات وجے کرشنا اچاریا نے دی جبکہ اس کی پروڈکشن یش راج فلمز کے بینر تلے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’فرنگی‘ بننے کیلئے خون بھی بہایا

واضح رہے کہ ایکشن اور ایڈونچر پر مبنی عامر خان کی اس نئی فلم کے بارے میں لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ اس کی کہانی مقبول ہولی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ سے متاثر ہے۔

تاہم عامر خان نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'یہ فلم کسی بھی دوسری فلم سے متاثر نہیں، یہ ایک ایکشن ایڈونچر فلم ہے مگر اس کی کہانی کسی اور سے نہیں ملتی'۔

کیا آپ عامر خان کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ سینما گھروں میں دیکھنے جائیں گے؟ ہمیں کمنٹس میں بتائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024