• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے، وزیرخزانہ

شائع November 7, 2018
—فوٹو:ٹوہٹر گورنمنٹ اف پاکستان
—فوٹو:ٹوہٹر گورنمنٹ اف پاکستان

وزیر خزانہ اسد عمر نے جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ایلس ویلز سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے ملاقات کی، جہاں دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد عمر نے امریکی وفد کو بتایا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے جڑ سے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بدستور کرتا رہے گا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق انہوں نے موجودہ پاک-امریکا تعلقات سمیت معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جبکہ خطے کی مجموعی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-امریکا مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس طرح کے دورے باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق انہوں نے ایلس ویلز کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے وژن سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت ملک کے معاشی صورت حال میں تبدیلیاں لائے گی۔

اس موقع پر ایلس ویلز نے وزیر خزانہ کو خطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے امریکی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے باہمی تعاون کی دوطرفہ اہمیت کو نمایاں کیا۔

اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے عالمی تعاون سے متعلق معاملات پر بات چیت بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور علاقائی امن وامان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو اب ادائیگیوں کے توازن میں بحران کا سامنا نہیں، وزیرخزانہ

امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز کے وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے تھے۔

مذاکرات میں پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں افغانستان سمیت خطے میں سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص کر افغانستان میں امن و عامہ کی صورت حال موضوع گفتگو رہی۔

اس موقع پر ایلس ویلز کی سربراہی میں امریکی وفد نے زور دیا کہ خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024