• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

صحت مند رہنے کیلئے ناشتے میں کونسی غذاؤں کو استعمال کرنا چاہئے؟

شائع November 7, 2018
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

عرصے سے ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا قرار دیا جارہا ہے اور اگر تو آپ اس کو اہمیت نہیں دیتے تو جان لیں کہ اپنے دن کا آغاز صحت کے لیے ناقص غذا سے کرنا انتہائی نقصان دہ اثرات کا باعث بن سکتا ہے۔

صبح کی یہ پہلی غذا صحت کے لیے ضروری ہے مگر اہم بات یہ ہے کہ ناشتے میں کیا کھانا فائدہ پہنچاتا ہے؟

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں محققین نے دریافت کیا کہ زیادہ چربی والا ناشتہ پانچ دن تک کھانے سے صحت مند افراد کی توجہ اور یاداشت کی صلاحیت متاثر ہوئی۔

آسٹریلیا کی میکوائر یونویرسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض 4 دن زیادہ چربی اور چینی سے بھرپور ناشتہ کرنا بھی نمایاں دماغی تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے۔

دماغ میں آنے والی یہ تبدیلیاں کسی چیز کو سیکھنے میں مشکل کا شکار کرنے کے ساتھ ساتھ یاداشت کی کمزوری کا باعث بھی بنتی ہیں۔

درحقیقت ایسی متعدد غذائیں ہیں جن کو ناشتے میں کھانا انسان کو صحت مند رہنے اور موٹاپے سے بچاﺅ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں : کہیں آپ ناشتے میں یہ غلطیاں تو نہیں کرتے؟

دہی

دہی ایک بہترین غذا ہے جس میں موجود پرو بائیوٹیکس معدے میں موجود صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ان کے افعال بھی بہتر بناتے ہیں، معدہ صحت مند ہوگا تو جسمانی ورم کی روک تھام ہوگی جس سے موٹاپے سے بھی تحفظ ملے گا۔ عام دکانوں پر ملنے والا دہی اس حوالے سے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔

انڈے

انڈے تو لگ بھگ سب کو پسند ہوتے ہیں اور ناشتے کے لیے یہ بہترین انتخاب ہے۔ پروٹین اور صحت مند فیٹ سے بھرپور انڈوں میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں موجود اجزاءجسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں اور یہ موٹاپے سے بھی تحفظ فراہم کرنے والی غذا ہے۔

تخ ملنگا یا تخم ملنگا

یہ سیاہ بیج عام ملتے ہیں جن میں فائبر، فیٹ، پروٹین وغیرہ جزو بدن بنتے ہیں، ان بیجوں کو دہی میں ملا کر کھالیں یا پانی میں ملا کر پی لیں، یہ جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتے ہیں جبکہ کھانے کی اشتہا کم کرتے ہیں جس سے بسیار خوری کی عادت پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

اخروٹ

اخروٹ بھی ناشتے کے لیے ایک بہترین غذا ہے، جس میں پروٹین، فائبر اور صحت مند فیٹ موجود ہیں جو کہ جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتے ہیں، تاہم ان میں کیلوریز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے تو ناشتے میں اس کی مقدار زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔

بادام

اعتدال میں رہ کر باداموں کو ناشتے میں کھانے کی عادت صحت مند رکھنے اور جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے، ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ بادام کھانے کے عادی ہوتے ہیں وہ زیادہ صحت مند اور دبلے پتلے ہوتے ہیں کیونکہ یہ گری میٹابولک صحت کو بہتر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ناشتے کے یہ فوائد جانتے ہیں؟

جو کا دلیہ

اگر آپ جو کا دلیہ اکثر ناشتے کا حصہ بنائیں تو امراض قلب اور فالج سے تحفظ ملے گا جبکہ جسمانی وزن میں کمی میں بھی مدد ملے گی۔ دلیہ کھانا پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے جس کے نتیجے میں بے وقت منہ چلانے کی عادت پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ جسمانی وزن میں کمی کے لیے موثر ثابت ہوتا ہے، ناشتے سے آدھے گھنٹے قبل آدھا گریپ فروٹ کھانا پیٹ کو کافی دیر تک بھرے رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس کا نتیجہ دن بھر میں کم غذا کھانے کی صورت میں نکلتا ہے۔

سیب

ایک تحقیق کے مطابق سیب جسمانی وزن میں اضافے کی روک تھام کے لیے موثر پھل ہے، اس کی وجہ اس میں فائبر اور پولی فینولز کی موجودگی ہے جو کہ جلد ہضم نہیں ہوتے، یہ دونوں اجزا صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کی نشوونما کو فروغ بھی دیتے ہیں، جس سے بھی جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

کیلے

کیلے میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کی مقدار کافی کم ہوتی ہے، جو کہ صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے جبکہ اسے کھانے کی عادت بے وقت بھوک سے بھی تحفظ فراہم کرتی ہے اور کیلوں میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر اور امراض قلب سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

رفیق شیخ Nov 07, 2018 11:14am
کم وقت میں خاص خاص خبرے پڑھنے کو ملتی ہیں

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024