'پیپلز پارٹی سے کسی قسم کا این آر او نہیں ہوگا'
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی نواز اعوان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اگر حکومت کا ساتھ دینا چاہتی ہے تو ہم ان کا خیر مقدم کریں گے، لیکن کسی صورت بھی قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) نہیں کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رُخ' میں گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے جو ہمارے ساتھ مل کر چلنے کی بات کی وہ بہت ہی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناصرف پیپلز پارٹی بلکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ایک میز پر آئیں اور ملکی معیشت کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں۔
مزید پڑھیں: این آر او پر لعنت بھیجتا ہوں، شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں خطاب
پروگرام کی دوسری مہمان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما شہلا رضا نے کہا کہ ان کی جماعت کی ہمیشہ سے یہی خواہش رہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ ہماری حکومتیں ختم ہوگئیں اور اسی وجہ سے یہ مقصد حقیقت نہ بن سکا۔
شہلا رضا نے کہا کہ ناصرف ملکی معاشی صورتحال بلکہ خارجہ پالیسی پر بھی ایک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لیا جاسکے۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی ایک حالیہ پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا تھا کہ ان کی جماعت حکومت گرانے میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں رکھتی اور وہ ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ درج ہوا تو اس کا بھی دفاع کر سکتا ہوں، زرداری
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں عندیہ دیا تھا کہ ان سے این آر او مانگا جارہا ہے۔
وزیراعظم کے اس خطاب پر اپوزیشن کی تمام ہی جماعتوں کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا جنہوں نے اس بیان پر وضاحت بھی طلب کرلی۔