• KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:44pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:44pm
  • KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:44pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:44pm

200ڈالر نہ دینے پر ہیکر نے معروف بلاگر کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا

شائع November 4, 2018
انسٹاگرا پر حالیہ عرصے میں متعدد سائبر حملوں میں ہزاروں لوگ اپنے اکاؤنٹ سے محروم ہو چکے ہیں— فائل فوٹو
انسٹاگرا پر حالیہ عرصے میں متعدد سائبر حملوں میں ہزاروں لوگ اپنے اکاؤنٹ سے محروم ہو چکے ہیں— فائل فوٹو

ہیکر نے سائبر حملہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی معروف ٹریول بلاگر کے انسٹا گرام اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کے بعد 200 ڈالر ادا نہ کرنے پر اسے ڈیلیٹ کردیا۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں ایک عرصے سے رہائش پذیر بلاگر ڈیلین ماریہ ڈی کوسٹا نے بتایا کہ انہیں 29 اکتوبر کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں فیشن برانڈ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس ای میل میں لنک دیا گیا تھا اور جب میں نے اس لنگ کو کلک کیا تو مجھ سے میرا انسٹا گرام یوزر نیم اور پاس ورڈ مانگا گیا لیکن پاس ورڈ ڈالتے ہی مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔

ماریہ کے مطابق وہ ابھی پاس ورڈ تبدیل کر ہی رہی تھیں کہ یکدم میں خود بخود اپنے اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہو گئیں اور اس کے بعد سے اب تک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کرسکی۔

مزید پڑھیں: فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہونے کو کیسے پکڑیں؟

بلاگر ماریہ ڈی کوسٹا کی ان کے شوہر کے ہمراہ تصویر— تصویر بشکریہ انسٹا گرام
بلاگر ماریہ ڈی کوسٹا کی ان کے شوہر کے ہمراہ تصویر— تصویر بشکریہ انسٹا گرام

دنیا کے مختلف مقامات کی سیر کے حوالے سے بلاگ رکھنے والی خاتون نے مزید بتایا کہ اس کے بعد مجھے ایک اور ای میل موصول ہوئی جس میں مجھ سے کہا گیا کہ اگر مجھے اپنے اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی درکار ہے تو مجھے ’بٹ کوائن‘ کے ذریعے 400 ڈالر منتقل کرنے ہوں گے۔

’ہیکر نے مجھے دھمکی دی کہ رقم منتقل نہ کرنے پر وہ میرا اکاؤنٹ ڈیلیٹ یا اسے کسی اور کو فروخت کر دیں گے‘۔

ماریہ کے مطابق ابھی میں اس صورتحال پر صدمے کی کیفیت میں تھی کہ ہیکر نے اپنے مطالبے کو کم کرتے ہوئے مجھے اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے 200 ڈالر منتقل کرنے کی ہدایت کی لہٰذا میں نے اسے رقم ادا کرنے کا سوچا کیونکہ مجھے اپنا قیمتی اکاؤنٹ ہر حال میں واپس چاہیے تھا لیکن بدقسمتی سے رقم منتقل نہ ہو سکی۔

بلاگر نے بتایا کہ رقم منتقل نہ ہونے پر ہیکر نے طیش میں آکر میرا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس حوالے سے انسٹا گرام سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی جانب سے بھی کچھ حوصلہ افزا جواب نہ آیا بلکہ اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی کی میری تمام تر امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب انسٹا گرام نے ای میل کے سلسلوں کی آخری ای میل میں کہا کہ میں اس ڈیوائس (موبائل فون) کا نام بتاؤں جس کو استعمال کرتے ہوئے میں نے پہلی مرتبہ انسٹا گرام پر خود کو رجسٹر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک بانی کا اپنا اکاؤنٹ ہیکرز سے بچ نہیں سکا

ماریہ نے کہا کہ یہ مطالبہ بالکل بکواس ہے کیونکہ میں نے اپنا اکاؤنٹ 2012 میں بنایا تھا اور خدا جانے وہ کون سی ڈیوائس تھی اور جب سے معاملہ ہوا ہے وہ صحیح سے سو بھی نہیں پا رہیں۔

بلاگر کے انسٹا گرام پر ایک لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور اپنا تمام تر کاروبار انسٹا گرام اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہی چلتا تھا۔

ان کے شوہر جیکس بھی ٹریول بلاگر ہیں اور ماریہ نے بتایا کہ ان دونوں نے کئی سالوں کی محنت اور وقت کے بعد ایک لاکھ سے زائد فالوورز تک رسائی حاصل کی لیکن اب یہ سب ضائع ہو گیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ انسٹا گرام پر کسی کا اکاؤنٹ ہیک ہوا ہو بلکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک عرصے سے ہیکرز نشانہ بناتے ہوئے ہزاروں لوگوں کے اکاؤنٹ ہیک کر چکے ہیں اور متاثرین پھر کبھی اپنے اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل نہیـں کر پاتے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جنوری 2025
کارٹون : 15 جنوری 2025