• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

گریڈ 21 کے افسر عامر ذوالفقار نئے آئی جی اسلام آباد تعینات

شائع November 2, 2018
عامر ذوالفقار — فائل فوٹو
عامر ذوالفقار — فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے افسر عامر ذوالفقار کو نیا انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد تعینات کردیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

عامر ذوالفقار پولیس سروس پاکستان (پی ایس پی) گروپ کے افسر ہیں اور اس سے قبل وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

وہ آئی جی موٹروے پولیس بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی جی تبادلہ کیس، اعظم سواتی کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل

اس کے علاوہ عامر ذوالفقار ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب، آر پی او ملتان، سی پی او ملتان، ایس ایس پی اسپیشل برانچ لاہور، اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق آئی جی اسلام آباد پولیس کیپٹن (ر) جان محمد نے آج چارج چھوڑ دیا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی کا فون نہ اٹھانے پر سابق آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کے زبانی حکم پر ہونے والا آئی جی کا تبادلہ روک دیا

بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے آئی جی تبادلے کا نوٹس لیا گیا تھا جس پر وزارت داخلہ نے بیرونِ ملک کورس میں شرکت کے لیے گئے ہوئے آئی جی جان محمد کو فوری طور پر وطن واپس بلوالیا تھا۔

بعد ازاں آج سپریم کورٹ میں آئی جی جان محمد نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے استدعا کی کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتے چناچہ انہیں تبادلے کے احکامات پر عمل درآمد کی اجازت دی جائے۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹھیک ہے اگر یہ کہہ رہے ہیں تو اجازت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024