احمد شہزاد کی پابندی میں 6 ہفتوں کا اضافہ
مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے میں پابندی کے شکارپاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد کو قواعد کی خلاف ورزی پر مزید 6 ہفتوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق احمد شہزاد کو 19 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور اس کی روشنی میں ان پر عائد 4 ماہ کی پابندی کے خاتمے کے ساتھ ہی مزید 6 ہفتوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد شہزاد پر 6 ہفتوں کی پابندی کا اطلاق 11 نومبر سے ہوگا اور 22 دسمبر تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ پابندی کے باوجود کلب کرکٹ کھیلنے پر پی سی بی نے احمد شہزاد کو 19 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں:پی سی بی نے احمد شہزاد کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
احمد شہزاد نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود کلب کی جانب سے 7 میچ کھیلے تھے
پی سی بی نے احمد شہزاد کو جاری نوٹس میں کہا تھا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ بورڈ کی جانب سے طے کردہ شقوں کے تحت معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود پابندی کے دوران پی سی بی اور اس کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کیوں کی اور کیوں نہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:احمد شہزاد کو لیول 1 کوچنگ کورس میں شرکت سے روک دیا گیا
قبل ازیں احمد شہزاد کا پاکستان کپ 2018 کے دوران ڈوپنگ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس میں ان کے خون کے نمونوں میں ممنوعہ اشیا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔
پی سی بی نے ڈوپنگ قوانین کی دو شقوں کی خلاف ورزی پر احمد شہزاد کو 10 جولائی کو عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے نوٹس آف چارج جاری کیا تھا۔
ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی ٹیم کے اوپنر پر 4 ماہ کی پابندی لگائی گئی تھی جس کا 10 جولائی کو اطلاق ہوا تھا اور اس پابندی کا اختتام 10نومبر کو ہوگا تاہم اب مزید پابندی کے باعث یہ سلسلہ ڈیڑھ ماہ طویل ہوگیا ہے۔