نواز شریف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کا فیصلہ
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے رواں ماہ کے اوائل میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گرفتار کیے گئے ان کے چھوٹے بھائی اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کا فیصلہ کرلیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کا گزشتہ ایک برس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کے مطابق نواز شریف موجودہ سیاسی صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر بات کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے بھائی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 5 اکتوبر سے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں نیب کی حراست میں ہیں تاہم قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے پروڈکشن آرڈر کے بعد انہیں پیر سے جاری اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی دیر سے آمد پر 'ڈرامہ'
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے اپوزیشن لیڈر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نواز شریف متوقع طور پر پارٹی رہنماؤں اور شہباز شریف سے ملاقات میں جمعیت علما اسلام کے کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے دو روز قبل لاہور میں ملاقات کے دوران پیش کی گئی تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے لیے اپوزیشن جماعت کو دعوت کے حوالے سے بات کی تھی۔
یہ خبر 30 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی