پہلی مرتبہ کسی اسرائیلی وفد کا متحدہ عرب امارات کا دورہ
اسرائیلی وزیر میری ریگیو نے حال ہی میں اپنے متحدہ عرب امارات کے انوکھے دورے کی ویڈیو سوشل میڈیا کی سائٹ فیس بک پر شیئر کی ہے جس میں وہ ایک مسجد میں عبایہ اور اسکارف پہننے ہوئے موجود ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عربوں کے خلاف متنازع بیان دینے کے حوالے سے معروف اسرائیل کی ثقافت اور کھیل کی وزیر کو ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جو سرخ عبایہ کے ساتھ سفید اسکارف پہن رکھا ہے اور ابو دبئی میں شیخ زید مسجد کا دورہ کررہی ہیں۔
اسرائیلی وزیر نے کیمرے کے سامنے ہیبرو میں کہا کہ 'میں نے سائٹ کا دورہ کیا تھا' جہاں ان کے اطراف میں روایتی امارتی لباس زیب تن کیے ہوئے مقامی افراد موجود تھے۔
مزید پڑھیں: یہودی عبادت گاہ پر حملے کا آنکھوں دیکھا حال
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی اسرائیلی وزیر نے یہاں کا دورہ کیا ہے'۔
اسرائیلی وزیر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ریگیو کا تعلق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت سے ہے، جنہوں نے اتوار کے روز متحدہ عرب امارات میں مسجد کا دورہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔
اسرائیلی حکام نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر متحدہ عرب امارات کے اہم مقامات کا عوامی سطح پر دورہ کیا تھا، یہ اپنی نوعیت کا پہلا دورہ تھا، یہ دورہ اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے عمان کے سفر کے کچھ ہی روز بعد سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو خطے کی ریاست تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے، عمان
وفد میں اسرائیل کے وزیر برائے اطلاعات بھی شامل تھے جو رواں ہفتے دبئی میں ہونے والی انٹر نیشنل کمیونیکیشن یونین پلینپیٹنٹریری کانفرنس میں شرکت کے لیے یہاں موجود ہیں۔
اسرائیلی وفد کے ایک رکن نے بتایا کہ 'ہم کانفرنس سے قبل اتوار کو دبئی پہنچے تھے، ہم نے علاقے کے اطراف اور ایک مال کا دورہ بھی کیا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم بہت متاثر ہوئے اور ہم نہیں سمجھتے تھے کہ اس طرح کا علاقہ بھی ہوسکتا ہے، یہ بہت خوبصورت ہے'۔
خیال رہے کہ اس دورے سے ایک روز قبل دبئی میں ہونے والے جوڈو کے ایک ٹورنامنٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے پر اسرائیل کا ترانہ بجایا گیا تھا اور ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ کسی عرب ریاست میں ہوا ہے۔
نیتن یاہو کے دورہ عمان کے حوالے سے ایک مشترکہ جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عمان کے دورے کے دوران سلطان قابوس سے ملاقات کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا اور اتوار کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اس قسم کے دورے مزید ہوں گے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کے کئی عرب اور مسلم ریاستوں کے ساتھ’خفیہ‘ روابط کا انکشاف
ادھر اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کے دفتر کے جاری بیان کے مطابق ان کے وزیر یسرائیل کاتز کا عمان کا دورہ رواں ہفتے کے لیے شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ عرب ممالک اور اسرائیلی کے درمیان تعلقات حالیہ کچھ عرصے میں پروان چڑھ رہے ہیں جس کی وجہ دونوں کے لیے ایران کا مشترکہ دشمن ہونا بتایا جارہا ہے۔
اس وقت اسرائیلی کے صرف 2 عرب زبان بولنے والی ریاستوں، مصر اور اردن، سے سفارتی تعلقات قائم ہیں جبکہ دیگر عرب ممالک اب بھی اسرائیل کے فلسطین پر قبضے کو اہم تنازع سمجھتے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں