پریانکا چوپڑا کی شادی کی تقریبات کا آغاز
بولی وڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا رواں سال امریکی گلوکار و اداکار نک جونس کے ہمراہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
ان دونوں کی شادی دسمبر کی 2 تاریخ کو بھارتی شہر جےپور میں ہوگی، تاہم ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ابھی سے ہوچکا ہے۔
دراصل پریانکا چوپڑا نے امریکی شہر نیویارک میں اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے ایک ایونٹ منعقد کیا۔
یہ ایونٹ پریانکا چوپڑا کا برائیڈل شاور تھا، برائیڈل شاور کی تقریب ہونے والی دلہن کے لیے منعقد کی جاتی ہے، جس میں لڑکی کو شادی سے قبل کافی توجہ دے کر خاص محسوس کروایا جاتا ہے، جبکہ اس موقع پر خوبصورت ملبوسات اور ڈانس کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
اداکارہ نے خود بھی اپنے انسٹاگرام پر اس ایونٹ کی یادگار تصاویر شیئر کی۔
اس ایونٹ میں پریانکا کی والدہ مدھو چوپڑا کے ساتھ ساتھ پریانکا کی ساس ڈینس ملر جونس اور ہونے والی جیٹھانی ڈینیئل بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: پریانکا کو نک جونس کے مقابلے شادی کی زیادہ جلدی
اپنے برائیڈل شاور میں پریانکا چوپڑا نے مرچیسا برینڈ کا ڈیزائن کردہ سفید رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا۔
اس ایونٹ کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جبکہ اداکارہ کی ڈانس کرنے کی ایک ویڈیو بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی۔
یاد رہے کہ رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی منگنی رواں سال جولائی میں امریکا میں ہوئی تھی، جس کے بعد ان دونوں کی روکے(پنجابی رسم) کی تقریب اگست میں ممبئی میں ہوئی تھی۔
اس موقع پر نک جونس اپنے والدین کے ہمراہ امریکا سے بھارت آئے تھے۔
36 سالہ پریانکا اور نک نے اس ہی موقع پر آفیشلی اپنی منگنی کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا، جبکہ اداکارہ نے اپنی انگوٹھی کی تصویر بھی فینز کے ساتھ شیئر کی، جس کی مالیت 3 کروڑ ہندوستانی روپے بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا سب سے پہلی بار 2017 کے کانز فلمی میلے کے ’میٹ گالا‘ پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔
25 سالہ گلوکار نک جونس عمر میں پریانکا چوپڑا سے 10 سال چھوٹے ہیں۔