• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آئندہ سال حج پیکج میں 40 سے 50 ہزار روپے اضافے کا امکان

شائع October 26, 2018
رواں سال تقریباً ایک لاکھ 80ہزار پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی— فوٹو: اے پی
رواں سال تقریباً ایک لاکھ 80ہزار پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی— فوٹو: اے پی

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج درخواست گزاروں کو سبسڈی نہ دیے جانے پر آئندہ سال حج 2019 کے لیے فی کس حج پیکج میں 40 سے 50 ہزار روپے اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے اور سعودی عرب حکومت کی جانب سے لگائے گئے نئے محصولات کے سبب آئندہ سال حج پیکج میں اضافے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: حج پیکج میں 22 ہزار 675 روپے اضافہ

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے حاجیوں کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے حج پیکج میں 40 سے 50 ہزار روپے فی درخواست گزار اضافے کا امکان ہے۔

گزشتہ حکومت نے 2018 کے حج کے لیے 40 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دی تھی جو ختم ہونے کا اثر حج 2019 میں درخواست گزاروں پر ہوگا۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور میں حج فارمولیشن کمیٹی کا حج 2019 کے سلسلے میں پہلا تعارفی اجلاس سیکریٹری وزارت مذہبی امور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: حج کو براہ راست اسمارٹ فونز پر دیکھنا اب ممکن

اجلاس میں سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، وزارت قانون، وزارت خارجہ کے نمائندوں اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حج 2019 کی پالیسی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور حج کی 5 سالہ پالیسی تشکیل دینے کی تجویز پر بھی مشاورت کی گئی۔

سیکریٹری وزارت مذہبی امور نے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ حج پالیسی میں کم سے کم قانونی پیچیدگیاں آڑے آئیں اور عازمین کو دوران حج سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

یاد رہے کہ رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والوں کا کوٹہ 1 لاکھ 20 ہزار جبکہ پرائیویٹ کوٹہ 59 ہزار 2 سو 10 تھا جبکہ تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔

ضرور پڑھیں: عازمین حج کو جعلی فارمز فروخت کیے جانے کا انکشاف

حکومت کی جانب سے حج کے لیے شمالی علاقہ جات، پنجاب اور خیبرپختنونخوا کا پیکج 2 لاکھ 80 ہزار روپے مقرر کیا گیا تھا جبکہ ملک کے جنوبی علاقہ جات بشمول کراچی، کوئٹہ اور سکھر کا پیکج 2 لاکھ 70 ہزار مقرر کیا گیا تھا۔

فریضہ حج کے ساتھ ساتھ قربانی کرنے کے خواہش مند افراد کو 13 ہزار 50 روپے حج پیکج کے علاوہ جمع کروانے تھے۔

اگر حکومت کی جانب سے حج پیکج میں اضافہ کیا جاتا ہے تو آئندہ سال حج پیکج کی رقم 3 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024