• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایرانی اداکارہ کا ہندوستانی ڈائریکٹر پر‘سیکس’ کے بدلے فلم میں کام دینے کا الزام

شائع October 19, 2018
ایلناز نوروزی نے ماڈلنگ کا آغاز جرمنی سے کیا—فوٹو: اداکارہ انسٹاگرام
ایلناز نوروزی نے ماڈلنگ کا آغاز جرمنی سے کیا—فوٹو: اداکارہ انسٹاگرام

بھارت میں ان دنوں می ٹو مہم جاری ہے اور متعدد اداکارائیں، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کر چکی ہیں۔

می ٹو مہم کے تحت جہاں اداکار نانا پاٹیکر، آلوک ناتھ، رجت کپور اور ہدایت کار وکاس بہل، سبھاش گھائے اور موسیقار انو ملک سمیت ٹی سیریز کے سربراہ بشن کمار پر جنسی طور پر خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام لگ چکا ہے۔

وہیں سیف علی خان اور ثاقب سلیم جیسے مرد اداکاروں نے بھی خود کو ہراساں کیے جانے کے حوالے سے بات کی۔

ایسے ہی بھارت کی کامیڈین اداکارہ کنیز سرکا نے بھی ساتھی اداکارہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

اب ‘می ٹو’ کے تحت پاکستانی فلم ‘مان جاؤ نا’ میں جلوے دکھانے والی ایرانی اداکارہ و ماڈل ایلناز نوروزی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بولی وڈ فلم ہدایت کار وپل امرت لال شاہ نے معروف فلم میں کام کے بدلے ‘سیکس’ کا مطالبہ کیا۔

ایلنا نوروزی کے مطابق اگرچہ وپل امرت لال شاہ نے صاف الفاظ میں یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ انہیں فلم میں متعارف کرانے کے بدلے جنسی تعلقات چاہتے ہیں،تاہم ان کے رویے سے یہی محسوس ہوا کہ وہ یہی چاہتے ہیں۔

نشریاتی ادارے ‘مڈ ڈے’ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ وپل امرت لال شاہ نے کامیڈی فلم ‘نمستے انگلینڈ’ میں کاسٹ کرنے کے لیے متعدد بار ان کے اوڈیشن لیے۔

ایلناز نوروزی نے 15 سال کی عمر سے کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام
ایلناز نوروزی نے 15 سال کی عمر سے کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام

ایلناز نوروزی کے مطابق وپل امرت لال شاہ ان سے ہار منفرد انداز میں اوڈیشن لینے کے بعد کبھی انہیں اپنے دفتر اور کبھی کسی ہوٹل میں ملنے کے لیے بلاتے،جہاں وہ ان سے نازیبا حرکت کرنے کی کوششیں کرتے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے کیریئر کا آغاز کرنے والی ایرانی اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ وپل امرت لال شاہ نے انہیں کم سے کم 2 بار بوسہ دینے کی کوشش کی،جب کہ وہ ہمیشہ انہیں اپنے دفتر یا ہوٹل میں اپنے قریب کھینچ کر گلے لگانے کی بھی کوشش کرتے۔

ایلناز نوروزی کے مطابق وہ ‘نمستے انگلینڈ’ میں کام کرنے کی خواہاں تھیں اور اس لیے پرجوش بھی تھیں، تاہم وپل امرت لال ان سے فلم میں کاسٹ کیے جانے کے بدلے جنسی تعلقات چاہتے تھے۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایک بار وپل امرت لال شاہ کو اپنے ہی دفتر میں نازیبا حرکت کرنے کی کوشش کرنے کے دوران سمجھایا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں، انہیں اپنے دفتر میں ان کے ساتھ ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

اداکارہ کے مطابق ان ہی دنوں میں اگرچہ وپل امرت لال شاہ نے انہیں ‘نمستے انگلینڈ’ میں کاسٹ نہیں کیا، تاہم انہیں جلد ہی معروف ویب سیریز ‘سیکرڈ گیمز’ میں کاسٹ کرلیا گیا، جو ان کے لیے اچھا ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلم سے کیریئرشروع کرنے والی ایرانی اداکارہ بھارت جا پہنچیں

خیال رہے کہ وپل امرت لال شاہ کی فلم ‘نمستے انگلینڈ’ میں ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا نے اہم کردار ادا کیا ہے، فلم کو 19 اکتوبر کو ریلیز کردیا گیا۔

ایرانی اداکارہ پاکستان میں کام کرنے کے بعد بھارت منتقل ہوئیں—فوٹو: ایلناز نوروزی انسٹاگرام
ایرانی اداکارہ پاکستان میں کام کرنے کے بعد بھارت منتقل ہوئیں—فوٹو: ایلناز نوروزی انسٹاگرام

ایلناز نوروزی نے اب تک بھارت کی ویب سیریز ‘سیکرڈ گیمز’ کے علاوہ ایک بھارتی پنجابی فلم میں بھی کام کیا ہے، وہ اس سے قبل پاکستانی فلم ‘مان جاؤ نا’میں کام کرچکی ہیں۔

ایلناز نوروزی ایران میں پیدا ہوئیں تاہم جلد ہی وہ یورپی ملک جرمنی منتقل ہوگئیں، جہاں وہ پلی بڑھیں۔

ایرانی نژاد ایلناز نوروزی نے محض 15 برس کی عمر میں جرمنی سے ہی ماڈلنگ کا آغاز کیا، انہیں نہ صرف جرمن اور انگریزی بلکہ فرینچ، اردو اور ہندی زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے۔

ایلناز نوروزی نے 15 سال کی عمر میں ماڈلنگ کا آغاز کرتے ہوئے دنیا کے کئی ممالک کا دورہ کیا، بعد ازاں انہوں نے خصوصی پرشین رقص بھی سیکھا۔

ایلناز نوروزی نے پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ’مان جاؤ نا‘ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا، جب کہ ان کی اداکاری و اردو پر مہارت کو بھی سراہا گیا، فلم نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اچھی کمائی کرنے سمیت اچھے تبصرے حاصل کیے۔

’مان جاؤ نا‘ کی ریلیز کے بعد ایلناز نوروزی بھارت منتقل ہوگئیں، جہاں انہیں سب سے پہلے پنجابی فلم ’کھڈو کھنڈی‘ میں کاسٹ کیا گیا،جو رواں برس اپریل میں ریلیز ہوئی۔

ایلناز نوروزی نے جس ہدایت کار وپل امرت لال شاہ پر الزام لگایا ہے انہوں نے ہدایت کاری کی شروعات 2002 کی کامیاب فلم ‘آنکھیں’ سے کی تھی،ان کی دیگر مشہور فلموں میں نمستے لندن،ایکشن رپلائے، نمستے انگلینڈ’ شامل ہیں۔

51 سالہ وپل امرت لال شاہ نے متعدد ٹی وی ڈراموں سمیت کئی ڈرامہ تھیٹرز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن بھی کی۔

وپل امرت لال شاہ کی فلم نمستے انگلینڈ 19 اکتوبر کو ریلیز ہوئی—فوٹو: مڈ ڈے
وپل امرت لال شاہ کی فلم نمستے انگلینڈ 19 اکتوبر کو ریلیز ہوئی—فوٹو: مڈ ڈے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024