’عمران خان بڑھکیں نہ ماریں ، لُوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سینئر رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان بڑھکیں نہ ماریں اب لُوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں۔
وزیراعظم عمران خان کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 22 سال تبدیلی کے دعوے کے بعد ایک ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنادیا جو ایک ماہ قبل ہی پارٹی میں شامل ہوا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عثمان بزدار کوغربت کی وجہ سے عہدہ دیا تو بلوچستان سب سے غریب صوبہ ہے وہاں نواب کو وزیراعلی کیوں بنادیا؟؟
ان کا کہنا تھا کہ آپ کا دعویٰ تھا کہ بجلی اور گیس چوری ختم کریں گے لیکن حکومت ملتے ہی نیازی صاحب نے تو غریبوں کا گلا دبا دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ بتائیں کہ آپ نے بجلی اور گیس کیوں مہنگی کی غریبوں سے روٹی کا نوالہ کیوں چھینا۔
ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ اس طرح کی پریس کانفرنس سے اپنی کارکردگی سے عوام کی توجہ نہیں ہٹاسکتے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کل سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ بھی بتائیں کہ خیبرپختونخوا کا 45ارب کاقرض کیوں لیا اور وہ کہاں گیا؟خیبرپختونخوا کی 65ارب کی بجلی چوری کیوں نہیں پکڑی گئی اور خیبرپختونخوا کی میٹرو کی کرپشن 80ارب پر کیسے پہنچی؟
ان کا کہنا تھا کہ اپنے 100دن کے پلان سے نکلتی ہوئی ہوا نہ چھپائیں، اب بڑھکیں نہ ماریں اور لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان اب نوازشریف کے 3 سو ارب واپس لائیں یا پھر معافی مانگیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب نیب کو اپنے سیاسی انتقام کے لیے استعمال کرنے سے آپ کی نااہلی اور ملک دشمنی چھپ نہیں سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2016 اور 2017 میں صرف ایک سال میں پیسکو کو بجلی نقصانات اور بِلوں کی وصولی میں 48 فیصد خسارے کا سامنا رہا۔
مالی سال 2017اور2018 میں خیبرپختونخوا حکومت کا غیرملکی قرض پچاس ارب روپے سے زائد تھا۔ اس کے بارے میں قوم کو کب بتائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کا قوم پر بوجھ نہ پڑتا اگر خیبرپختونخوا میں صرف کرک اور کوہاٹ والے ہی گیس کے بلوں کے واجبات اداکردیتے تو گیسی کی قیمتوں میں یہ اضافہ نہ کرنا پڑتا۔
’دوستوں پر مشتمل وزیراعظم کی کابینہ تاریخ میں کرپٹ ترین ہوگی’
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ذرا اپنے ارد گرد دیکھیں، وہ خود کرپشن کی زندہ علامتوں کے محافظ بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی کابینہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل ہے جو تاریخ کی کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے پہلے ہی دن عمران خان کی گھبراہٹ عیاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ عمران خان آپ کا، آپکی بہنوں، دوستوں اور حواریوں کا نام بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں میں سرفہرست ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 'سیاستدانوں کو بد عنوان بنا کر پیش کرنا ملک دشمنی ہے'
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 9 ارب ڈالر کی دبئی میں 9 ارب ڈالرز کی جائیدادیں پاکستانیوں نے خریدی ہیں جس میں 60 ارب روپے کی جائیداد عمران خان کی اپنی بہنوں کی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ان بہنوں کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ماسوائےاس کے کہ وہ خیراتی اداروں کے بورڈز کی ارکان ہیں، تو عمران خان ان کی تحقیقات کب شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ہنڈی کے ذریعے آنےوالی کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ پر عمران خان تحقیقات کیوں نہیں کرواتے جس کی نشاندہی 4 سال پہلے ہی ہوگئی تھی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) وجیہ الدین ، جنرل (ر) حامدخان اور اکبر بابر نے پی ٹی آئی کے اندر جس کرپشن کی نشاندہی کی تھی، اس پر کارروائی کرنے کے بجائے وسل بلوورز کو ہی نشان عبرت کیوں بنادیاگیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ذلفی بخاری،علیم خان، جہانگیر ترین کی بیرون ملک جائیدادوں کی نیلامی کی تاریخ بتائیں۔