• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تنوشری دتہ نے ‘بگ باس’ میں شرکت کیلئے جنسی الزامات لگائے؟

شائع October 6, 2018
تنوشری دتہ نے 10 سال قبل ہی فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
تنوشری دتہ نے 10 سال قبل ہی فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی سابق اداکارہ اور سابق مس انڈیا 34 سالہ تنوشری دتہ نے گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو ورسٹائل اداکار 67 سالہ نانا پاٹیکر پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے انہیں 10 سال قبل ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ نانا پاٹیکر نے انہیں 2008 میں فلم ُہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا۔

تنوشری دتہ کے مطابق نانا پاٹیکر ان کے ساتھ ایک گانے میں نازیبا سین شوٹ کروانا چاہتے تھے، تاہم اداکارہ نے انکار کردیا اور انہوں نے فلم میں کام بھی نہیں کیا۔

نانا پاٹیکر نے ان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس بھجوایا تھا، جو اب تنوشری دتہ کو موصول ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ

نانا پاٹیکر پر الزامات لگائے جانے کے محض 2 دن بعد تنوشری دتہ نے فلم ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری پر بھی 13 سال قبل جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

تنوشری دتہ نے الزام عائد کیا تھا کہ وویک اگنی ہوتری نے 2005 میں فلم ‘چاکلیٹ، دی ڈارک سائیڈ’ کی شوٹنگ کے دوران ان سے عریاں رقص کرنے کا کہا، تاہم انہوں نے انکار کیا۔

تنوشری دتہ کے مطابق ڈائریکٹر نے انہیں بارش میں کپڑے اتار کر منظر شوٹ کروانے کو کہا تھا، تاہم ساتھی اداکاروں سنیل شیٹھی اور عرفان خان نے اداکارہ کا ساتھ دیا اور انہوں نے یہ سین شوٹ کروانے سے انکار کیا۔

مزید پڑھیں: تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر کے بعد ہدایت کار پر بھی ہراساں کرنے کا الزام

وویک اگنی ہوتری نے بھی تنوشری دتہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس بھجوایا، جو اداکارہ کو مل چکا ہے اور تنوشری دتہ نے دونوں نوٹس مل جانے کی تصدیق بھی کی ہے۔

تنوشری دتہ کی جانب سے اچانک الزامات عائد کیے جانے پر جہاں کئی بولی وڈ اداکاراؤں نے ان کا ساتھ دیا، وہیں اب بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے متنازع ریئلٹی ٹٰی وی شو ‘بگ باس 12’ میں شرکت کرنے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا۔

نیوز 18 نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خبریں ہیں کہ تنوشری دتہ اپنی چھوٹی بہن اشیتا دتا کے ساتھ بگ باس میں شرکت کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق تنوشری دتہ کی جانب سے بگ باس 12 میں شرکت کیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ہندو انتہا پسند سیاسی جماعت ہاراشٹر نونومن سینا(ایم این ایس) کے عہدیداروں نے پروگرام انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اداکارہ کو پروگرام میں شامل کرنے سے گریز کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ایم این ایس کے عہدیداروں نے بگ باس 12 کی انتظامیہ کو تحریری طور پر خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ اگر تنوشری دتہ کو پروگرام میں شامل کیا گیا تو پروگرام کے سیٹ پر توڑ پھوڑ ہوگی اور اس کی ذمہ دار خود پروگرام انتظامیہ ہوگی۔

تاہم تاحال بگ باس انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ تنوشری دتہ کا پروگرام میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: راج ٹھاکرے پر الزامات: تنوشری دتہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ

تنوشری دتہ کی پروگرام میں شرکت کرنے پر ایم این ایس اس لیے مخالفت کر رہی ہے کہ اداکارہ نے ان کی پارٹی کے سربراہ بال ٹھاکرے کے خلاف بھی نازیبا جملے کہے تھے، جس بناء پر پارٹی نے اداکارہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ متنازع ٹی وی شو ‘بگ باس 12’ گزشتہ ماہ 16 ستمبر سے بھارتی ٹی وی چینل ‘کلرز’ پر جاری ہے، یہ پروگرام رواں برس کے آخر تک جاری رہے گا۔

اس پروگرام کی میزبانی سلمان خان کر رہے ہیں، اس میں پہلے ہی شرکت کرنے والے زیادہ تر کانٹیسٹر متنازع ہیں۔

تنوشری دتہ نے 2005 کی رومانٹک تھرلر فلم عاشق بنایا آپ نے سے شہرت حاصل کی تھی—اسکرین شاٹ
تنوشری دتہ نے 2005 کی رومانٹک تھرلر فلم عاشق بنایا آپ نے سے شہرت حاصل کی تھی—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024