نواز شریف نے بھائی کی گرفتاری کو مضحکہ خیز قرار دے دیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوسناک بلکہ مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے، آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لیے انہیں بھی تیار رہنا چاہیے، یہی نظام قدرت ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، پاکستان کے عوام، دیگر ممالک کی حکومتوں اور عالمی اداروں نے شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو آج دوپہر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب نے گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری کے بعد ملک کے متعدد سیاسی رہبنماؤں اور تجزیہ کاروں نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کی گرفتاری پر خورشید شاہ کی مذمت
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں : آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہباز شریف کو گرفتار کرلیا گیا
انہوں نے کہا کہ 100 روزہ پلان کی ناکامی پر حکومت ایسے اقدامات کررہی ہے ‘شہباز شریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے'۔
مسلم لیگ (ن) آسانی سے ضمنی انتخابات جیت لے گی، علی رضا عابدی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے دعویٰ کیا کہ ’یہ (شہباز شریف کی) گرفتاری سے مسلم لیگ (ن) پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات آسانی سے جیت جائے گی'۔
نیب کو گرفتاری سے قبل ثبوت جمع کرنے چاہیے تھے، زاہد حسین
نامور صحافی زاہد حسین کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری سے قبل نیب کو تمام ثبوت جمع کرنے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’شہباز شریف کو گرفتار کیا جاچکا ہے لیکن ان پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے گئے، انہیں تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں : 'سیاستدانوں کو بد عنوان بنا کر پیش کرنا ملک دشمنی ہے'
زاہد حسین کا کہنا تھا کہ 'یہ اہم ہے کہ الزامات کس حد تک ثابت ہوتے ہیں، نیب قوانین میں تفتیش کے لیے گرفتاری کی اجازت ہے لیکن یہ بات قابلِ غور ہے کہ وہ انہیں ثابت بھی کرسکیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ نہیں کہتا کہ شہباز شریف قانون کے آگے جواب دہ نہیں لیکن یہ دیکھنا ضروری ہے کہ انہیں کیسے گرفتار کیا گیا، اس وقت گرفتار کیا جاسکتا ہے جب آپ فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تیار ہوں، پہلے آپ کو تمام شواہد اکٹھے کرنے چاہیے تاکہ گرفتاری کے وقت چارج شیٹ بھی جاری کی جاسکے'۔
اہم شخصیت کی گرفتاری ناانصافی ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)
سیاستدانوں میں سب سے پہلے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز نے شہباز شریف کی گرفتاری پر رد عمل دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک محب وطن اور اہم سیاسی شخصیت کو گرفتار کرنا سراسر غلط ہے، ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیت کی تذلیل کرنا ناانصافی ہے‘۔
نیب اپنی ناقص کارکردگی کو چھپا رہا ہے، طلعت حسین
جیو نیوز کے اینکر طلعت حسین کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں شہباز شریف کو گرفتار کیا۔
شہباز شریف، رانا مشہود کے بیان کی قیمت چُکا رہے ہیں، ثناء بچہ
سینئر خاتون صحافی ثناء بُچہ کا ماننا ہے کہ شاید رانا مشہود کے حالیہ متنازع بیانات نے شہباز شریف کی گرفتاری میں کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا رد عمل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے نیب کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری پر ٹوئٹ کیا کہ ’پنجاب کو ایک قطرہ پانی فراہم کیے بغیر صاف پانی کی مد میں اربوں روپے لُوٹ گئے تھے'۔
انہوں نے کہا کہ جو آپ بوئیں گے وہی کاٹیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کی گرفتاری پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ شہباز شریف نے 100 مرتبہ کہا کہ ایک دھیلے کی کرپشن، ٹیڈی پیسے، ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو اُسے چوک میں الٹا لٹکایا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے شریکِ جرم فواد حسن فواد نے اربوں کی کرپشن ثابت کردی، مگر قانون کسی کو اُلٹا لٹکانے کی اجازت نہیں دیتا!
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے کہا گیا کہ 'شریف خاندان نے سمجھا ہوا تھا کہ ساری عمر ان کی حکمرانی رہے گی اور یہ پاکستان کو لوٹ لوٹ کر تباہ کرتے رہیں گے لیکن وقت ایک جیسا نہیں ہوتا اور آج کرپشن کے بادشاہوں کا احتساب ہو رہا ہے اور قوم کا ایک ایک روپے واپس آئے گا'۔