• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سابق سفیر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

شائع October 5, 2018

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سفارت خانے کے فنڈز میں خرد برد کے الزام میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

خصوصی عدالت کی جج ارم نیازی نے حسین حقانی کے خلاف مذکورہ کیس کی سماعت کی اور ایف آئی اے کی رپورٹ کی بنیاد پر حسین حقانی کے وارنٹ جاری کرنے کے احکامات جاری کیے۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے نے حسین حقانی پر لگائے گئے الزامات سے متعلق رپورٹ پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حسین حقانی نے سفارتخانے کے 20 لاکھ ڈالر کے فنڈ میں خرد برد کی تھی اور وہ جان بوجھ کر روپوش ہیں۔

مزید پڑھیں : سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف اسلام آباد میں ایف آئی آر درج

ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حسین حقانی کے کراچی کے گھر پر اشتہار چسپاں کیا گیا تھا۔

عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کرنے کے بعد کیس کی فائل داخل دفتر کردی۔

رواں برس مارچ میں ایف آئی اے نے سابق سفیر پر ‘فنڈز میں خرد برد اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے’ کا الزام لگایا تھا اور سیکشن 3، 4 409، 420 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔

خیال رہے کہ سابق سفیر حسین حقانی پہلے ہی میمو گیٹ اسکینڈل میں کیس کا سامنا کر رہے ہیں اور عدالت عظمیٰ کی جانب سے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میمو گیٹ کیس: ’حسین حقانی کو نیب کے ذریعے واپس لایا جاسکتا ہے‘

حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے انٹرپول کو خط لکھا گیا تھا اور ان کی گرفتاری کے لیے مدد مانگی تھی لیکن انٹرپول کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا۔

9 اگست کو میمو گیٹ کیس کی سماعت میں عدالتی معاون نے حسین حقانی کو ملک واپس لانے کا ڈرافٹ پیش کیا تھا، جس کے مطابق ریڈ وارنٹ بھی انہیں امریکا سے واپس نہیں لاسکتا لیکن انہیں نیب کے ذریعے ملک لایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ میمو گیٹ اسکینڈل 2011 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین منصور اعجاز نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حسین حقانی کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں انہوں نے ایک خفیہ میمو اس وقت کے امریکی ایڈمرل مائیک مولن تک پہنچانے کا کہا۔

یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے کیے گئے امریکی آپریشن کے بعد پاکستان میں ممکنہ فوجی بغاوت پر قابو پانے کے سلسلے میں بھی حسین حقانی نے واشنگٹن کی مدد حاصل کرنے کے لیے ایک پراسرار میمو بھیجا تھا۔

علاوہ ازیں حسین حقانی کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ بھی درج ہے جو رواں برس مارچ میں وکیل مولوی اقبال حیدر کی مدعیت میں مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کیا گیا، جس میں مملکت کے خلاف سازش کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

اس مقدمے کے بارے میں ایس ایس پی جنوبی سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کے خلاف مقدمہ دفعہ 120 اے اور 123 اے کے تحت درج کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024