دنیا میں پہلی بار 5 جی ہوم انٹرنیٹ سروس متعارف
موبائل فونز نیٹ ورک پر جدید ترین فائیو جی ٹیکنالوجی کی تیاری پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے اور اکثر ماہرین اسے طویل عرصے تک عام صارفین تک پہنچتے نہیں دیکھ رہے، مگر ایک ملک میں کم ازکم گھروں میں فائیو جی براڈ بینڈ سروس متعارف کرا دی گئی ہے۔
امریکا میں ویریزون نامی کمپنی نے گزشتہ سال نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ فائیو جی ہوم انٹرنیٹ سروس ایک سال کے اندر متعارف کرائے گی اور اب اس پر علمدرآمد شروع ہوگیا ہے۔
اس کمپنی نے 4 شہروں ہوسٹن، انڈیانا پولس، لاس اینجلس اور سکرامنٹو کے رہائشیوں کے لیے فائیو جی سروس کی فراہمی کا آغاز یکم اکتوبر سے شروع کردیا ہے۔
صارفین اب 300 ایم بی پی ایس کی اوسط رفتار تک وائی فائی اسپیڈ تک رسائی حاصل کرسکیں گے جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار 1 جی بی پی ایس تک ہوگی۔
خیال رہے کہ فورجی وائی فائی کی عالمی سطح پر اوسط رفتار 14.03 ایم بی پی ایس ہے جبکہ پاکستان میں یہ اسپیڈ اوسطاً 13.56 ایم بی پی ایس ہے۔
فی الحال یہ سروس موبائل فونز کے لیے دستیاب نہیں کیونکہ اس ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اسمارٹ فونز اب تک سامنے ہی نہیں آئے، جوکہ 2019 میں کسی وقت متعارف کرائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : 5 جی زندگی میں کیسے انقلاب برپا کرے گی؟
فائیو جی کیا ہے؟
آج کل وائرلیس فور جی ایل ٹی ای ٹیکنالوجی کو اکثر موبائل نیٹ ورکس پر استعمال کیا جارہا ہے، جو کہ انتہائی تیز وائرلیس کمیونیکشن ڈیٹا ٹرانسمنٹ کرنے کے لیے فراہم کرتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں فائیو جی نیٹ ورک کو گھروں پر انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جبکہ اس کی رفتار آنے والے دور کی ٹیکنالوجیز کے لیے بھی موزوں ہوگی، جیسے ڈرائیور لیس کار سسٹم میں ڈیٹا کے لیے درکار اسپیڈ وغیرہ۔
یہ بھی دیکھیں : پاکستان میں 5 جی سروسز جلد متعارف کرانا ممکن؟
پاکستان میں کب تک آنے کی امید ہے؟
پاکستان میں 2019 میں جدید ترین 5 جی براڈ بینڈ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ یہ عندیہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ ماہ اے پی پی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران دیا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ فائیو جی سروس کو پاکستان میں اگلے سال متعارف کرایا جاسکتا ہے جس سے غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔