نااہل جہانگیر ترین کی وزیراعظم سیکریٹریٹ میں اجلاس کی صدارت
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق نااہل پارلیمنٹیرین جہانگیر ترین کی جانب سے وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران کے اجلاس کی صدارت کا انکشاف ہوا ہے۔
سرکاری منٹس کے مطابق 13 ستمبر کو جہانگیر ترین نے لائیو اسٹاک ایمرجنسی ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کی، جسے محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق مربوط پالیسی کے لیے منصوبہ ’زراعت کا فروغ اور پانی کا تحفظ‘ کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ گروپ کا اگلا اجلاس اکتوبر کے وسط میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کے ساتھ جو ہوا اچھا ہوا، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو گزشتہ سال 15 دسمبر کو اثاثہ جات سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے کی بنیاد پر آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے تحت نااہل قرار دیا تھا، پاناما پیپرز کیس میں اسی آرٹیکل کے تحت سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی تاحیات کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق جنرل سیکریٹری نے سپریم کورٹ کے 15 دسمبر کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کی، تاہم وہ 27 ستمبر کو مسترد کردی گئی۔
لائیو اسٹاک ایمرجنسی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ (این ایف ایس آر) کے سیکریٹری ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی، پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف ظفر، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے سنیئر جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر جاوید ہمایوں، این ایف ایس آر کے ڈائریکٹر خورشید احمد، فیڈرل واٹر مینجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر جنرل محمد طارق اعوان، سابق پنجاب لائیو اسٹاک سیکریٹری نعیم صادق اور دیگر نے شرکت کی تھی۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین سے 5 سوالات کے جواب طلب کرلیے
ورکنگ گروپ کے اجلاس میں سابق لائیو اسٹاک سیکریٹری نعیم صادق نے پنجاب لائیو اسٹاک کی کارکردگی اور چیلنجز سے متعلق بریفنگ دی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ورکنگ گروپ نے اتفاق کیا کہ لائیو اسٹاک شعبہ کی سماجی اور اقتصادی صورتحال انتہائی خستہ حال ہے۔
اجلاس میں تسلیم کیا گیا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کئی مسائل سے دوچار ہے جس میں گوشت کا ناقص معیار، دودھ پر مشتمل مصنوعات اور دودھ کا معیار، لائیو اسٹاک کی پیداوار میں کمی اور اشیا کی طلب میں کمی جیسے مسائل سرفہرست ہیں۔
پی ٹی آئی کے 100 دن ایجنڈے کو مد نظر رکھتے ہوئے گروپ نے لائیو اسٹاک کی بحالی کے لیے 7 ذیلی گروپ تشکیل دے دیئے تاکہ مربوط حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور جہانگیر ترین تاحیات نااہل قرار
رابطہ کرنے پر ورکنگ گروپ کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین، کنوینر ہونے کے علاوہ ایک تجربہ کار کسان بھی ہیں اور وہ محکمہ کو بہتر پالیسی دے سکتے ہیں۔
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ نااہلی کے باوجود جہانگیر ترین وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں جہاں وفاقی اور صوبائی سیکریٹریز انہیں رپورٹ کر رہے ہیں۔
ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ’جن افسران نے نااہل شخص کے اجلاس میں شرکت کی ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی‘۔
یہ خبر 29 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔