• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جہانگیر ترین کے ساتھ جو ہوا اچھا ہوا، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی

شائع September 28, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا نے اپنی ہی جماعت کے رکن کے خلاف بولتے ہوئے کہا کہ ’ جہانگیر ترین کے ساتھ جو ہوا اچھا ہوا، جو بھی اس ملک میں کرپشن کرے، اس کے ساتھ یہی ہونا چاہیے‘۔

سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پہلے تو انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’اس مرتبہ ہمیں باوقار اور ایماندار وزیر اعظم ملا، جس کی شہرت پوری دنیا میں ہے اور آج ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم پر کرپشن، منی لانڈرنگ اور نیب کے کیسز نہیں ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی ہوا چل چکی ہے اور جس پر گرد و غبار ہیں وہ بھی صاف ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: امل کیس: مبینہ پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے والا ملزم گرفتار

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والی 10 سالہ بچی امل کی بھی بات کی اور کہا کہ اس واقعے نے سندھ حکومت، یہاں کہ محکمے، محکمہ داخلہ اور پولیس اصلاحات کا پردہ چاک کردیا ہے۔

انہوں نے ایوان میں امل ریسکیو سروس کے نام سے ایک بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس معاملے پر مجھے ایوان کی حمایت حاصل ہوگی اور ہم یہ یاد کرسکیں گے کہ اس بچی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی۔

اپنے خطاب کے دوران سندھ حکومت پر تنقید کے وقت پیپلز پارٹی رہنما کے اعتراض پر جوش خطابت میں سیما ضیا نے کہا کہ ’ جہانگیر ترین کے ساتھ جو ہوا اچھا ہوا، جو بھی اس ملک میں کرپشن کرے، اس کے ساتھ یہی ہونا چاہیے، چاہے وہ جہانگیر ترین ہو یا کوئی اور ایسا ہی ہونا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایک روز قبل سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق نظرثانی کی درخواست مسترد کردی تھی اور ان کی تاحیات نااہلی برقرار رکھی تھی۔

عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد جہانگیر ترین اب پارلیمنٹ کی سیاست سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں اور ساتھ ہی وہ کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے بھی اہل نہیں رہے۔

بعد ازاں رکن سندھ اسمبلی سیما ضیا نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اپنے بیان پر معذرت کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: جہانگیر ترین کی درخواست مسترد، تاحیات نااہلی برقرار

انہوں نے کہا کہ ’جہانگیر ترین کے لیے میرے منہ سے ایسے الفاظ نکل گئی، جس پر میں معذرت خواہ ہوں کیونکہ میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں، پارٹی کے لیے ان کی بہت قربانیاں ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جس مقام پر کھڑی ہے، وہ جہانگیر ترین کی محنت اور کاوشوں کے نتیجے میں ہے۔

سیما ضیا کا کہنا تھا ’ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، میرا کہنے کا مقصد یہ تھا کہ عدالت کا کوئی فیصلہ میرے بارے میں یا کسی بھی رہنما کے بارے میں ہے تو ہم اس کا احترام کرتے ہیں، میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024