• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ضمنی انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کیلئے 380 امیدوار

شائع September 28, 2018

اسلام آباد: 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 3 سو 80 امیدوار میدان میں اتریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی 11 نشستوں کے لیے کُل ایک سو 12 امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں کے لیے 2 سو 68 امیدوار میدان میں اتریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

زیادہ تر نشستوں کے خالی ہونے کی وجہ 2018 کے عام انتخابات میں امیدواروں کی ایک سے زائد نشستوں سے کامیابی حاصل کرنا تھی، جس میں خود وزیر اعظم عمران خان بھی شامل ہیں جنہوں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ضمنی انتخابات میں بالعموم پنجاب اور بالخصوص لاہور میں دلچسپ انتخابی مقابلوں کی امید ہے۔

خواجہ سعد رفیق جو لاہور میں این اے 131 سے عمران خان کے ہاتھوں شکست یاب ہوئے تھے، اب اسی نشست سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہمایوں اختر خان کے مقابلے میں انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان تعاون کی کوششیں

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی لاہور کے حلقہ این اے 124 سے امیدوار ہوں گے، جہاں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی کے نعمان قیصر کو 65 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

فیصل آباد کے حلقہ این اے 103 سے علی گوہر خان مسلم لیگ (ن)، محمد سعداللہ پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شہادت علی خان امیدوار ہوں گے، مذکورہ حلقے میں امیدوار کی وفات کے سبب انتخاب ملتوی کردیا گیا تھا۔

بنوں کے حلقہ این اے 35، جہاں عمران خان نے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے اکرم درانی کو 6 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی، وہاں اب پی ٹی آئی کے نسیم علی شاہ، ایم ایم اے کے زاہد اکرم درانی اور پی پی پی کی سیدہ یاسمین صفدر دیگر 5 آزاد امیدواروں کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو کروانے کا اعلان

کراچی میں عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے 243 سے اب عالمگیر خان پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے جبکہ دیگر 22 امیدواروں میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ولی الدین، پی پی پی کے حاکم علی اور مسلم لیگ (ن) کے شرافت علی شامل ہیں۔

پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستان مسلم لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی کی خالی کردہ نشست این اے 69 پر ان کے بیٹے مونس الہٰی امیدوار ہوں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمران ظفر ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 12 نشستوں کے لیے کل 135 امیدوار، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 9 نشستوں کے لیے 52، سندھ اسمبلی کی 3 نشستوں کے لیے 43 جبکہ بلوچستان کی 2 نشستوں کے لیے 36 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024