• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

منٹو کی بیٹیوں کیلئے والد پر بنی فلم کی ممبئی میں نمائش

شائع September 23, 2018
سعادت حسن منٹو کی تین میں سے 2 بیٹیاں بھارت پہنچیں—فوٹو: نندیتا داس انسٹاگرام
سعادت حسن منٹو کی تین میں سے 2 بیٹیاں بھارت پہنچیں—فوٹو: نندیتا داس انسٹاگرام

برصغیر کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بولی وڈ فلم ساز نندیتا داس کی جانب سے بنائی گئی فلم ‘منٹو’ کو یوں تو 21 ستمبر کو ریلیز کردیا گیا۔

اگرچہ ‘منٹو’ نے اچھی کمائی نہیں کی، تاہم شائقین نے اس کی کہانی کو خوب سراہا ہے۔

فلمی تنقید نگاروں نے بھی فلم پر اچھے تبصرے لکھے ہیں، اس فلم کو تاخیر سے ریلیز کیا گیا، کیوں کہ نمائش سے قبل ہی فلم کو ٹورنٹو اور کانز فلم فیسٹیول سمیت دیگر فلمی میلوں میں پیش کیا گیا تھا۔

‘منٹو’ کو ریلیز کرنے کے موقع پر فلم ساز نندیتا داس نے سعادت حسن منٹو کی صاحبزادیوں کو بھارت بلایا اور ان کے لیے فلم کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’منٹو‘ کی ریلیز پر بیٹیاں بھارت جائیں گی

نندیتا داس نے اپنے انسٹاگرام پر سعادت حسن منٹو کی صاحبزادیوں کی بھارت آمد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ نزہت اور نصرت ممبئی پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عظیم افسانہ نگار کی بیٹیوں کی ممبئی میں موجودگی پر وہ متجسس ضرور ہیں، تاہم وہ ان کے لیے ‘منٹو’ کی خصوصی اسکریننگ کے لیے انتظامات کر رہی ہیں۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نندیتا داس سعادت حسن منٹو کی بیٹیوں کے لیے 24 ستمبر کی شب کو فلم کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کریں گی۔

فلم کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر سعادت حسن منٹو کی دونوں بیٹیوں سمیت فلم کی تمام کاسٹ بھی موجود ہوگی۔

اسکریننگ کے لیے نزہت ارشد اور نصرت جلال ممبئی پہنچیں—فوٹو: نندیتا داس انسٹاگرام
اسکریننگ کے لیے نزہت ارشد اور نصرت جلال ممبئی پہنچیں—فوٹو: نندیتا داس انسٹاگرام

خصوصی اسکریننگ میں فلم میں سعادت حسن منٹو کا کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی اور ان کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی راسیکا دگل بھی شامل ہوں گی۔

مزید پڑھیں: ‘منٹو’ کو بھارت کے کئی شہروں میں نمائش میں مشکلات درپیش

نندیتا داس کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں سعادت حسن منٹو کی بیٹیوں کو فلم کی کاسٹ اور فلم ساز سے خوشی سے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ منٹو کو بھارت کے کئی شہروں میں نمائش کے حوالے سے مشکلات بھی درپیش ہیں، ایسی رپورٹس ہیں کہ فلم کو ریلیز کے پہلے دن کئی شہروں کی سینماؤں میں نہیں دکھایا گیا۔

نندیتا داس کو بھارت بھر سے کئی لوگوں نے بتایا کہ ‘منٹو’ کو سینماؤں میں کم شوز دیے جا رہے ہیں، جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اس فلم کو نندیتا داس نے فلمی دنیا کے سب سے اعلیٰ ایوارڈ آسکر کے لیے منتخب کرنے کے لیے بھارت کی آسکر اکیڈمی میں بھی بھیجا تھا، تاہم بھارتی اکیڈمی نے اس فلم کو منتخب نہیں کیا۔

اگرچہ آسکر کے لیے بھارت کی اکیڈمی نے ‘منٹو’ کو منتخب نہیں کیا، تاہم فلم نے ریلیز سے قبل ہی چند ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024