• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج رات امریکا کے لیے روانہ ہوں گے'

شائع September 21, 2018

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج رات (جمعہ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام 21 ستمبر کی رات 3 بجے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے۔

وزیر خارجہ کی امریکا میں مصروفیات کے حوالے سے دفتر خارجہ نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی کے پروگرام میں شرکت کریں گے جبکہ وہ واشنگٹن میں 2 روزہ قیام کے بعد نیویارک جائیں گے، جہاں وہ 24 ستمبر سے نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ 26 ستمبر کو وزیر خارجہ سارک وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، 29 ستمبر کو پاکستانی وزیر خارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ، 'پاکستان کا مثبت رویہ بھارت میں سیاست کی نذر ہوگیا'

دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نیویارک میں قیام کے دوران مختلف ممالک کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں چین، روس، ترکی، مشرق وسطیٰ کے ممالک کے وزراء خارجہ شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ بی بی سی، نیویارک ٹائمز اور الجزیرہ کو انٹرویو بھی دیں گے اور 29 ستمبر کے بعد شاہ محمود قریشی واشنگٹن واپس روانہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ واشنگٹن میں پاکستانی وزیر خارجہ امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے اور یہ ملاقات یکم اکتوبر کے بعد ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ مائیک پومپیو نے پاکستانی وزیر خارجہ کو امریکا کے دورے کی دعوت دی تھی، جو انہوں نے قبول کی تھی۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی 3 اکتوبر کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع تھی لیکن بھارتی میڈیا میں منظر عام پر آنے والی رپورٹس کے مطابق انڈیا نے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے بعد ملاقات منسوخ کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پھر مکر گیا، وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ

رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کشمیری مجاہد برہان وانی کی تصویر والے پوسٹل اسٹیمپس جاری کیے جانے کے باعث منسوخ کی گئی۔

بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بیان دیا کہ 'حالیہ واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان سے کسی بھی طرح کے مذاکرات بے معنی ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024