• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جنرل قمر باجوہ سے بغل گیر ہونے پر بھارتی وزیر دفاع کی سدھو پر تنقید

شائع September 18, 2018

بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے ملک کے سابق کرکٹر اور پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ کی جانب سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بغل گیر ہونے کے معاملے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’وہ اس سے گریز کرسکتے تھے‘۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے انڈین وومن پریس کورپس سے ملاقات میں کہا کہ ’سدھو سنگھ کے بہت سے چاہنے والے ہیں اور اتنی پہچان رکھنے والا شخص دوسرے ملک جاکر وہاں کے آرمی چیف سے بغل گیر ہو، وہ بھی ان سے جن سے متعلق بھارت کے جذبات واضح ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کا یہ اقدام بھارتی فوج اور عوام پر اثر انداز ہوا اور یہ ان کے حوصلے پست کرنے کے مترادف ہے، کاش سدھو نے اس سے گریز کیا ہوتا'۔

بھارتی وزیر دفاع سے ملتے جلتے خیالات کا اظہار گزشتہ روز بی جے پی کی رہنما اور بھارتی وزیر داخلہ سشما سوراج نے کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان نے کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان میں بھارت کو نیچا دکھانے اور ان کے آرمی چیف سے گلے ملنے کو کرتار بارڈر سے جوڑنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے جواب طلب کیا تھا کہ وہ بتائیں کہ کیا نوجوت سنگھ کے مذکورہ معاملے پر بات کرنے کے لیے ان کی اجازت ہے۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امرندر سنگھ نے پاکستان کے وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں نوجوت سنگھ سدھو کے آرمی چیف سے بغل گیر ہونے کے اقدام کی شدید مذمت کی تھی۔

مزید پڑھیں : ایوان صدر: نوجوت سنگھ سدھو آرمی چیف سے بغل گیر ہوگئے

بی جے پی ترجمان نے نوجوت سنگھ سدھو پر دھوکے بازی سے وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کرنے کا الزام بھی لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیر کے روز وزیر خارجہ سے سابق یونین منسٹر ایم ایس گِل کی ملاقات طے تھی لیکن ان کے ساتھ سدھو بھی آئے تھے۔

خیال رہے کہ سدھو نے گزشتہ روز سشما سوراج سے ملاقات میں کرتار پور سرحد کھولنے سے متعلق پاکستان سے مذاکرات کے آغاز میں مدد کے لیے اصرار کیا تھا۔

تاہم یونین منسٹر ہرسیمرت کور بادل نے دعویٰ کیا کہ سشما سوراج نے کرتار پور کے مسئلے پر معاملات خراب کرنے اور آرمی چیف کو گلے لگانے پر نوجوت سنگھ کی سرزنش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا

واضح رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو 17 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

دورہ پاکستان کے اگلے روز وزیراعظم عمران خان کی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کے آغاز سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے چیف آف آرمی اسٹاف قمر باوجوہ سے ملاقات کی تھی اور ان سے بغل گیر ہوگئے۔

اس حوالے سے نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب گرو نانک صاحب کا 550واں جنم دن منایا جائے گا تو پاکستان، بھارت میں موجود سکھ برادری کے لیے کرتار پور کی سرحد کھولنے کے حوالے سے سوچ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی دعوت پر نوجوت سنگھ سدھو پاکستان پہنچ گئے

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان آرمی کے سربراہ اس ایک جملے میں انہیں وہ سب کچھ دے گئے تھے جیسے کہ انہیں کائنات میں سب کچھ مل گیا ہو۔

تاہم حلف برداری کی تقریب میں نوجوت سنگھ سدھو کی شرکت اور آرمی چیف سے بغل گیر ہونے پر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین نے سدھو پر تنقید کے تیر برسانے شروع کردیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024