• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

‘کیک’ آسکر ایوارڈ کے لیے منتخب

شائع September 18, 2018
فلم کو مارچ 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
فلم کو مارچ 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

فلمی دنیا کے سب سے متعبر اور اعلیٰ فلمی ایوارڈ آسکر کے لیے پاکستانی فلموں کا انتخاب کرنے والی کمیٹی نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ‘کیک’ کو ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا۔

خیال رہے کہ آسکر کے لیے پاکستان، بھارت، ایران، ترکی اور افغانستان سمیت دنیا کے تمام ملکوں میں قائم کمیٹیاں ہی اپنے اپنے ممالک کی کسی ایک فلم کو ‘غیر ملکی’ زبان کی کیٹیگری کے لیے منتخب کرتی ہیں۔

گزشتہ برس پاکستانی کمیٹی نے فلم ‘ساون’ کا انتخاب کیا تھا، جس کا مقابلہ دنیا کی 91 دیگر فلموں سے تھا۔

اس بار آسکر کے لیے فلموں کا انتخاب کرنے والی پاکستانی کمیٹی نے فلم ‘کیک’ کا انتخاب کیا ہے، جس کا نام جلد ہی اکیڈمی کو بھجوا دیا جائے گا۔

ڈان امیجز کے مطابق آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی سربراہی میں قائم پاکستانی کمیٹی نے ‘کیک’ کو آسکر کے لیے منتخب کردیا، جس کا نام جلد ہی ایوارڈ دینے والی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔

آسکر کے لیے پاکستان میں کام کرنے والی اکیڈمی کے دیگر ارکان میں ناول نگار کاملہ شمسی، اداکارہ اور ڈائریکٹر سائرہ کاظمی، ناول نگار ایچ ایم نقوی، گلوکارہ حدیقہ کیانی، زوئی وکاس جی، گلوکار علی سیٹھی، صحافی ندیم فاروق پراچہ، انٹرپرینر نبیلہ مقصود، اداکار خالد ملک اور فیصل قریشی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کیک‘ نے ایشن فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا

کمیٹی نے متفقہ طور پر ‘کیک’ کو آسکر کے لیے منتخب کیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی اس کا نام اکیڈمی کو بھجوایا جائے گا۔

’کیک’ کا مقابلہ دیگر تمام ممالک کی غیر زبان کی کیٹیگری میں بننے والی فلموں سے ہوگا۔

دنیا کے دیگر ممالک کی جانب سے بھی آسکر کو فلمیں بھجوائے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور رواں برس کے آخر تک تمام ممالک اپنی فلموں کے نام بھجوا دیں گے، جس کے بعد آئندہ برس جنوری میں اکیڈمی نامزد فلموں کا اعلان کرے گی۔

91 ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب رواں برس فروری میں منعقد ہوگی، گزشتہ برس یہ تقریب مارچ میں منعقد ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ فلم کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، جو کئی چھوٹے چھوٹے تنازعات میں گھرا نظر آتا ہے، تاہم فلم میں شامل جذباتی، کامیڈی اور رومانوی مناظر کی وجہ سے اس فلم کو دیگر فلموں سے منفرد بھی کہا گیا۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان میں کیک جیسی فلم نہیں بنی‘

اس فلم کو رواں برس مارچ میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے سے قبل اسے برطانیہ میں ہونے والے فلم فیسٹیول ‘یو کے ایشین فلم فیسٹیول’ سمیت دیگر فلمی میلوں میں پیش کیا گیا تھا۔

‘کیک’ کو یو کے ایشین فلم فیسٹیول کی جانب سے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

عاصم ملک کی اس فلم میں صنم سعید اور عدنان ملک سمیت دیگر اداکاروں نے جوہر دکھائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025