• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 40 فیصد کمی

شائع September 15, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نئی حکومت کو درپیش مسائل کی وجہ سے ملک میں براہِ راست بین الاقوامی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت کو تیزی سے کم ہوتے زرمبادلہ کے ذخائر اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے جیسے مسائل کا سامنا ہے، جو سرمایہ کاری میں کمی کے امکانات بتائے جارہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ابتدائی 2 ماہ میں بین الاقوامی سرمایہ کاری 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ برس انہی ماہ کے دوران یہ سرمایہ کاری 48 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھی۔

پاکستان میں ایف ڈی آئی کی کمی اور تجارتی معاہدوں پر دوبارہ نظر ثانی کی رپورٹ کے باوجود پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی سرمایہ کاری ثالثی معاہدہ پاکستان کیلئے ممکنہ جال

پی ٹی آئی حکومت نے حال ہی میں سی پیک کے تحت منصوبوں کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ملکی معیشت میں بہتری لائی جاسکے۔

چینی سرمایہ کاری کی توجہ زیادہ تر توانائی شعبوں پر ہے تاہم ابتدائی 2 ماہ کے دوران چین کی جانب سے اس شعبے میں 4 کروڑ 33 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ برس انہی ماہ کے دوران 18 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

گزشتہ برس توانائی کا شعبہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز رہا تاہم اس سال تعمیراتی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اسی دلچسپی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ دیکھا گیا ہے کہ تعمیراتی شعبے میں 10 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 5 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے، سعودی ولی عہد

دوسری جانب آئل اور گیس سیکٹر میں گزشتہ برس 3 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال کے دوران اس میں تنزلی دیکھنے میں آئی اور یہ سرمایہ کاری رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران سرف 2 کروڑ 16 لاکھ ڈالر رہی۔

آئل اور گیس سیکٹر میں ایف ڈی آئی میں واضح کمی گزشتہ حکومت کے دوران اس سیکٹر میں حکومت کی ناکام پالیسی بتائی جارہی ہے۔

چین کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری برطانیہ کی ہے جس نے رواں برس جولائی اور اگست میں 3 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں برطانوی سرمایہ کاری 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔

اسی طرح سوئٹزر لینڈ کی جانب سے جولائی اور اگست میں 3 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ امریکا نے بھی سرمایہ کاری کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان میں 2 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024