• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 8 کشمیری نوجوان شہید

شائع September 13, 2018

سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے سوپور، کپواڑہ اور ریاسی میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی میں 8 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروسز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے سوپور میں 2، کپواڑہ میں 3 اور ریاسی میں 3 افراد کو سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس دوران جھڑپوں میں ایک افسر سمیت 8 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی درندگی سے اگست میں 34 افراد جاں بحق

بھارتی حکومت نے آپریشن کے دوران موبائل فون، انٹرنیٹ سروس سمیت تعلیمی اداروں کو بھی بند رکھا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ان تمام افراد کو پولیس مقابلے کے دوران قتل کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت کے حوالے سے کوئی بات سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں بھارتی فوج کے شدید ظلم و جبر کے نتیجے میں خاتون سمیت 34 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 2 کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 نوجوان جاں بحق

گزشتہ ماہ قابض فوج، پیرا ملٹری اور پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین پر فائرنگ، پیلٹ گنز کے استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 483 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گھروں پر چھاپے مارنے اور کریک ڈاؤن آپریشنز کے دوران 196 حریت رہنماؤں، سماجی کارکنوں اور کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔

بھارتی فوج نے گزشتہ ایک ماہ میں سرچ آپریشنز کے دوران 140 گھروں کو تباہ یا نقصان پہنچایا جبکہ 5 خواتین کی عزت کو پامال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 نوجوان جاں بحق

خیال رہے کہ 1989 سے متعدد مسلح گروپ بھارتی فوج اور ہمالیہ کے علاقوں میں تعینات پولیس سے لڑتے آئے ہیں اور وہ پاکستان سے انضمام یا کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں۔

اس لڑائی کے دوران اب تک ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں، جس میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

کشمیر میں جاری اس تشدد میں گزشتہ دہائی میں تیزی سے کمی آئی تھی لیکن گزشتہ سال بھارتی فوج کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن آل آؤٹ کے نتیجے میں 350 اموات ہوئیں اور وادی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024