ایپل کی پہلے سے زیادہ بڑے ڈسپلے والی نئی اسمارٹ واچ متعارف
ایپل نے اپنی نئی اسمارٹ واچ کو متعارف کرا دیا ہے جسے ایپل واچ 4 کا نام دیا گیا ہے۔
ایپل کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے ایونٹ کے دوران کمپنی نے اپنی پہلے سے بڑے ڈسپلے والی نئی اسمارٹ واچ متعارف کرائی۔
اس موقع پر ایپل کے سی ای او ٹم کک کادعویٰ تھا کہ ایپل واچ اس وقت دنیا کی نمبرون گھڑی بن چکی ہے۔
مزید پڑھیں : ایپل کی نئی اسمارٹ واچ کیسی ہوگی؟
ایپل واچ 4 کا ڈسپلے گزشتہ سال کے ماڈل سے 30 فیصد زیادہ اور ڈیزائن پہلے سے پتلا ہے۔
اس بار ایپل واچ میں کچھ نئے فیچرز بھی دیئے گئے ہیں جیسے ایج ٹو ایج ڈسپلے، پہلے سے زیادہ بہتر اسپیکرز، راﺅنڈ کارنرز، فیورٹ کانٹیکس کا اضافہ، نیا واچ فیس اور دیگر شامل ہیں۔
اس میں نیا 64 بٹ پراسیسر دیا گیا ہے جو کہ ایپل واچ تھری کے مقابلے میں دوگنا تیز پرفارمنس کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسی طرح صحت کے لحاظ سے یہ گھڑی اب دھڑکن کی کم رفتار کو پکڑ سکے گی، جبکہ دل کے ردہم اور تیز دھڑکن کی شناخت بھی کرسکے گی۔
اس گھڑی میں بلٹ ان سیلولر کنکٹیویٹی اور بلیوٹوتھ 5.0 بھی موجود ہے۔
ایپل کو تو دعویٰ ہے کہ یہ پہلی ڈیوائس ہے جس میں ای سی جی پراڈکٹ کی سہولت صارفین کے لیے موجود ہوگی۔
اس گھڑی کی قیمت 499 ڈالرز سے شروع ہوگی اور یہ 21 ستمبر کو مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی، جبکہ گزشتہ سال کا ماڈل اب 279 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔