• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

امریکا، پاک ۔ بھارت مذاکرات کی حمایت کر ے گا، ایلس ویلز

شائع September 12, 2018

واشنگٹن: امریکا کی سینئر سفارتی اہلکار ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ امریکا، پاک ۔ بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کرے گا۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں جنوبی اور وسطی ایشیا بیورو کی سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو 2 واضح پیغامات بھیجے ہیں جن میں سے ایک میں مذاکرات میں تعمیری شرکت اور دوسرے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے ذریعے مذاکرات کا کوئی پیغام ارسال کیا اور کیا ان کی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا گیا، تو ایلس ویلز نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مائیک پومپیو، جنرل جوزف ڈنفرڈ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بھارت روانہ

خیال رہے کہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

نئی دہلی میں ان کی امریکی ملٹری چیف جنرل جوزف ڈنفرڈ کے ہمراہ بھارتی حکام سے ملاقات ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ ان دونوں دوروں کا بظاہر آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا تام بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ پاکستانی حکام نے مائیک پومپیو سے بھارت کو مذاکرات کے حوالے سے پیغام ارسال کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان کی جانب سے وہ پیش رفت نظر نہیں آئی جس کی توقع تھی‘

تاہم امریکی عہدیدار ایلس ویلز کا ایسے کسی بھی پیغام کی تصدیق یا تردید کیے بغیر کہنا تھا کہ امریکا، پاک ۔ بھارت مذاکرات کی حمایت کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا ہم عمران خان کی وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ہونے والی گفتگو کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان روابط کے ذرائع کا بھی ذکر کیا، جس میں قومی سلامتی کے مشیروں اور ڈی جی ایم اوز کے درمیان مذاکرات اور عوام کا عوام سے رابطہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور بھارت مذاکرات، اہم دفاعی معاہدے پر دستخط

مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کے حوالے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری اسٹیٹ کا اسلام آباد کا دورہ پاکستان ان کا نئی حکومت کے آغاز میں ہی سویلین قیادت سے ملاقات کا ایک بہترین موقع تھا۔

انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو نے پاکستان کی نئی قیادت کو بتایا کہ امریکا، افغانستان میں استحکام اور سیاسی حل کے لیے کس طرح پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024