• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

50 لاکھ گھروں کا منصوبہ: کمیٹی کو 2 ہفتوں میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

شائع September 10, 2018

وزیر اعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے سے متعلق کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کریں۔

وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیر صدارت 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ہاؤسنگ نے موجودہ صورتحال اور ہاؤسنگ سیکٹر میں سالانہ طلب اور کمی پر بریفنگ دی۔

انہوں نے زمین کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے مختلف طریقہ کار کی نشاندہی کی، ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام میں نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: ‘5 سال میں 50 لاکھ لوگوں کو گھر دیئے جائیں گے‘

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی ایسی تعمیر ہو، جس میں تمام سہولیات شامل ہو اور کچھی آبادیوں کو مستقل کرنا حکومت کی اولین ترجیح اور تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کی تعمیر سے نہ صرف بے گھر افراد کو چھت ملے گی بلکہ معاشی صورتحال میں بھی بہتری آئی گی، لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا اور ہاؤسنگ کا شعبے بھی ترقی کرے گا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں وسیع ریاستی زمین کی موجودگی کے علاوہ گیسٹ ہاؤسز اور پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دیگر حکومتی اراضی کے استعمال سے 50 لاکھ گھروں کی اسکیم کے لیے اربوں روپے جمع کیے جاسکتے ہیں۔

دوران اجلاس اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے اٹھائے گئے اقدام کی اونرشپ وزیر اعظم خود لیں گے تاکہ تمام انتظامی رکاوٹوں کو ختم کرکے اسکیم پر باآسانی عمل کیا جاسکے۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے سفارشات کو حتمی شکل دے اور 2 ہفتوں کے اندر گھروں کی اسکیم سے متعلق سفارشات پیش کرے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فہد چوہدری نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزارت کی بجائے وزیراعظم ہاؤس، منصوبے کی براہ راست نگرانی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا انتخابی منشور پیش، عوام سے نئے وعدے

انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد منصوبے کے طریقہ کار اور اس کی تکمیل کی تفصیلات کا اعلان کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں جاری انسداد تجاوزات مہم بھی اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 'ہم امیروں اور اثرو رسوخ رکھنے والوں سے غیر قانونی قبضے ختم کراکے یہ اراضی غریبوں کو دیں گے'۔

ایک سوال کے جواب میں فہد چوہدری کا کہنا تھا کہ مذکورہ منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے نجی شعبے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ جولائی میں انتخابات سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اقتدار میں آکر 5سال میں 50لاکھ گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024